Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سجل علی نے انسٹاگرام سے شوہر احد رضا کا نام کیوں ہٹایا؟

سجل علی اور احد رضا میر کی شادی مارچ 2020 میں ہوئی تھی (فائل فوٹو: سجل علی انسٹاگرام)
پاکستانی اداکارہ سجل علی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا نام ’سجل احد میر‘ سے تبدیل کر کے ’سجل علی‘ کیا تو یہ تبدیلی انسٹاگرام اور ٹوئٹر کا اہم موضوع بن گئی۔
پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے ساتھ بالی وڈ میں بھی کام کرنے والی سجل علی کی پاکستانی اداکار احد رضا میر کے ساتھ  شادی مارچ 2020 میں ابوظبی میں ہوئی تھی۔
28 سالہ سجل علی کی جانب سے انسٹاگرام پر نام تبدیل ہوا تو مختلف صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ ’گذشتہ کچھ عرصے سے ناراض جوڑے‘ کے درمیان علیحدگی کا اعلان ہے، البتہ کچھ دیگر اسے ایک معمول کی سرگرمی قرار دیتے رہے۔
پاکستانی اداکارہ کی سوشل میڈیا سرگرمی پر تبصرہ کرنے والوں کی اکثریت نے سجل علی اور احد رضا میر کے حوالے سے کئی ہفتوں سے چلتی ان اطلاعات کا بھی ذکر کیا جس میں کئی اہم مواقع پر جوڑا ایک ساتھ نہیں تھا۔
سجل علی کی بہن صبور علی کی شادی کا خصوصی طور پر ذکر کرنے والوں کا کہنا تھا کہ احد رضا میر اس تقریب سے بھی غائب رہے تھے۔
بعد میں جوڑے کی اکٹھی تصویر سجل علی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی تو علیحدگی سے متعلق اندازوں میں کمی آئی لیکن اب انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نام کی تبدیلی نے ایک بار پھر یہ گفتگو شروع کردی کہ دونوں الگ ہو چکے ہیں۔
بہت سے افراد نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر سجل علی اور احد رضا میر کو مخاطب کر کے ان سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا نام کی تبدیلی کا مطلب ان میں علیحدگی کا باقاعدہ اعلان ہے تاہم دونوں کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کے شوہر کے ساتھ کئی تصاویر اب بھی موجود ہیں جن میں اداکارہ نے انہیں مینشن کرتے ہوئے محبت بھرے القابات سے پکارا ہوا ہے۔
سجل علی کی جانب سے ماضی میں شیئر کی گئی تصاویر پر تبصرہ کرنے والے بھی یہ جاننے کے خواہشمند دکھائی دیے کہ اگر احد رضا میر کا نام اس لیے ہٹا ہے کہ دونوں الگ ہو چکے ہیں تو پھر جوڑے کی تصاویر سجل علی کے اکاؤنٹ پر کیوں موجود ہیں؟
اداکار جوڑے میں علیحدگی سے متعلق حقیقت جاننے کے خواہشمندوں کے ساتھ ایسے افراد کی بھی خاصی تعداد سوشل میڈیا پر جاری گفتگو کا حصہ رہی جو دونوں کو ایک ساتھ دیکھنے کے خواہشمند رہے۔

سجل علی اور احد رضا میر کے ایسے فینز نے کہیں انہیں اتفاق برقرار رکھنے کی تلقین کی تو کہیں اختلافات دور ہونے اور محبت قائم رہنے کی دعائیں دیتے رہے۔

شیئر: