سجل علی نے انسٹاگرام پر اپنا نام سجل احد میر رکھ لیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی اور اداکار احد رضا میر نے شادی کر لی ہے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
تصاویر میں دلہے کے والد آصف رضا میر اور دلہن کے خاندان کے افراد کو دیکھا جا سکتا ہے۔
احد رضا میر اور سجل علی نے روایتی رنگوں کے شادی کے جوڑے زیب تن کر رکھے تھے۔ سجل نے دلہنوں والے لال رنگ کی پوشاک جبکہ احد نے کریم رنگ کی شیروانی پہنی ہوئی تھی۔
شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد دونوں نے اپنے انسٹاگرام پیجز پر شادی کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
سجل علی نے انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کر کے سجل احد میر کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں نکاح خواں کو نکاح پڑھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ نکاح خواں کے احد میر کو احمد میر کہنے پر لوگوں کو ہنستے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
چند روز قبل ان کی شادی کی تیاریوں کی خبریں سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں۔ سجل علی کے خاندان کے قریبی افراد نے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں یہ واضح طور پر لکھا گیا تھا کہ شادی کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ خود سجل علی نے بھی اپنے انسٹاگرام پر لال دوپٹے کی تصویر شیئر کی تھی جس نے دونوں اداکاروں کے مداحوں کو تجسس میں ڈال دیا تھا۔ بعد ازاں احد رضا میر کی والدہ کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک کیک کی تصویر شیئر کی گئی جس پر لکھا ہوا تھا ’احد اور سجل کی ڈھولکی۔‘
شوبز کی سٹار جوڑی کو مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر نیک خواہشات کے پیغامات دیے جا رہے ہیں۔
دونوں اداکاروں نے ڈرامہ سیریل ’یقین کا سفر‘ اور ’آنگن‘ میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں کی ایک اور ڈارمہ سیریل ’یہ میرا دل‘ آج کل ٹی وی پر دکھائی جا رہی ہے۔
6 جون 2019 کو اداکار و گلوکار احد رضا نے ساتھی ادکارہ سجل علی کے ساتھ باضابطہ طور پر منگنی کا اعلان کیا تھا۔
کچھ عرصہ قبل شوبز ہی سے تعلق رکھنے والی جوڑی اقرا عزیز اور یاسر حسین نے بھی شادی کی تھی۔ ان کے بعد اور بھی کئی شوبز جوڑیوں نے شادی کا اعلان کیا تھا۔