ولی عہد کی صدارت میں کنگ فیصل ایئر اکیڈمی کی تقریب تقسیم اسناد
ولی عہد کی صدارت میں کنگ فیصل ایئر اکیڈمی کی تقریب تقسیم اسناد
منگل 22 مارچ 2022 18:57
سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو کنگ فیصل ایئر اکیڈمی سے فارغ ہونے والے طلبہ کی 101 ویں بیج کی تقریب تقسیم اسناد کی صدارت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد کا چیف آف آرمی سٹاف جنرل فیاض الرویلی، سعودی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ ترکی عبدالعزیز، کنگ فیصل آرمی اکیڈمی کے کمانڈر میجر جنرل حازم الغشیان نے خیر مقدم کیا۔
اکیڈمی کے کمانڈر نے استقبالیہ تقریر میں ولی عہد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ101 واں بیج اکیڈمی سے فارغ ہورہا ہے۔ مختلف شعبوں میں تین برس سے زیادہ تعلیم اور فضائیہ کی پیشہ ورانہ ٹریننگ دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاس آوٹ ہونے والے بیج میں چار کا تعلق بحرین اور ایک کا کویت سے ہے۔
بعد ازاں اکیڈمی سے فارغ ہونے والے طلبہ نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا اور حلف وفاداری اٹھایا۔ ولی عہد نے ممتاز طلبہ کو ایوارڈ دیے۔
ولی عہد کو فضائیہ اور اکیڈمی کے کمانڈرز نے یادگاری تحائف پیش کیے۔ فارغ ہونے والے طلبہ کے ساتھ ولی عہد کی یادگار تصاویر لی گئیں۔
تقریب میں فضائیہ اور اکیڈمی کے اعلی عہدیدار، شاہی خاندان کے افراد اور وزرا، مملکت میں متعین آرمی اتاشی اور طلبہ کے والدین شریک ہوئے۔