یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ، جے۔10 فلائی پاسٹ میں شامل
یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ، جے۔10 فلائی پاسٹ میں شامل
بدھ 23 مارچ 2022 7:16
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
اسلام آباد میں یومِ پاکستان کے موقع پر مسلح افواج نے پریڈ کی اور ایئرفورس کے فائٹر طیاروں نے فضا میں کرتب دکھائے۔ او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے آئے اسلامی ملکوں کے مہمان بھی یوم پاکستان کی پریڈ دیکھنے پہنچے۔
یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس وقت دنیائے اسلام کو بڑی آزمائشیں درپیش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر نے مسلمانوں کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔‘
انہوں نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں عوام پر جبروتشدد کیا جا رہا ہے۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں جاری او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس مسلم امہ کے اتحاد کے لیے اہم موقع ہے۔‘
’پاکستان ذمہ دار ایٹمی قوت ہے۔ ہم بقائے باہمی کے اصولوں پر قائم ہیں اور رہیں گے۔‘
انہوں نے کہا ’دشمن کان کھول کر سن لے ہم اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ کسی بھی مذموم کوشش کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جیسا پہلے بھی دیا جاتا رہا ہے۔‘ یوم پاکستان پریڈ کی مرکزی تقریب
ریڈیو پاکستان کے مطابق یوم پاکستان اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور مضبوط دفاع کو یقینی بنایا جائے گا۔
’یہ دن 23 مارچ 1940 کی اس تاریخی قرارداد لاہورکی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا تھا۔‘
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
اسلام آباد میں ہونے والی فوجی پریڈ میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور جنگی طیاروں نے فضائی کرتب دکھائے۔ مختلف صوبوں کے ثقافتی فلوٹس بھی اس تقریب کا حصہ تھے۔