رشوت، انسانی سمگلنگ اور دیگر جرائم میں غیر ملکی کو قید اور جرمانے کی سزا
سزا مکمل ہونے پر مملکت سے بیدخلی کا فیصلہ بھی سنایا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی دارالحکومت ریاض میں فوجداری کی عدالت نے رشوت سمیت 9 جرائم کے الزامات ثابت ہو جانے پر ایک ایتھوپین کو 12 برس قید کی سزا سنائی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق فوجداری عدالت نے مملکت میں مقیم ایتھوپیا کے شہری پر لگائے گئے الزامات کی سماعت کے بعد اس کے خلاف 28 ثبوت ریکارڈ پر آنے پر اسے قید ، جرمانے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے آلات ضبط کرنے اور سزا مکمل کرنے کے بعد مملکت سے بیدخلی کا فیصلہ سنایا۔
ایتھوپیا کے شہری پر الزام تھا کہ اس نے سرکاری عہدیداروں سے اپنےعہدے کے منافی کام کرانے کےلیے رشوت کی پیش کش کی تھی۔
عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پراسے تین برس قید اورایک لاکھ ریال بطور جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کرنے کا حکم دیا۔
ایتھوپین پردوسرا الزام انسانی سمگلنگ کا تھا۔ ثابت ہو جانے پر اسے تین برس قید اور تیس ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
تیسرا الزام اخلاق سوزسرگرمیوں کا تھا ۔ سرکاری ملازمین کو طرح طرح سے لالچ دیتا۔ پبلک پراسیکیوشن اورعدالتی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کرتا تھا۔ الزامات ثابت ہو جانے پراسے پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پبلک پراسیکیوشن نے مختلف ذرائع سے ملزم کے خلاف اطلاعات ملنے پر اس پر نظر رکھنا شروع کر دی تھی۔اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ الزمات کے شواہد ملنے پر اسے فوجداری عدالت میں پیش کیا گیا۔