Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہنگیا مسلمانوں کے لیے سعودی عرب کے ہاوسنگ پروجیکٹ کا افتتاح

شاہ سلمان مرکز کی جانب سے بنگلہ دیش کو 15 لاکھ کورونا ویکسین دی گئی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب نے بنگلہ دیش میں میانمار سے مجبوراً نقل مکانی کرنے والی مسلم اقلیت روہنگیا کے لیے بڑے رہائشی منصوبے کے پہلے مرحلے پر کام شروع کر دیا۔ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے بنگلہ دیش میں روہنگیا کے مسلمانوں کےلیے 500 مکانوں کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔  
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈھاکہ میں متعین سعودی سفیر عیسی بن یوسف الدحیلان نے بنگلہ دیشی وزیر داخلہ اسد الزمان خان اور رکن پارلیمنٹ ابو رضا ندوی کی موجودگی میں پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔  
الدحیلان نے کہا کہ سعودی عرب انسانیت نواز خدمات کے شعبے میں دنیا کے سامنے مثالی خدمات پیش کرنے والا ملک ہے۔ سعودی عرب دنیا کے مختلف ملکوں میں متاثرین کی مدد کی پالیسی پر گامزن ہے ۔  


الدحیلان نے توجہ دلائی کہ مملکت نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات اورسعودی ترقیاتی فنڈ کے پلیٹ فارم سے متعدد ملکوں میں انسانیت نواز منصوبے نافذ کیے ہیں۔  
الدحیلان نے مزید کہا کہ شاہ سلمان مرکز نے 2021 کے دوران ’کوکس‘ بازار میں ضیافت اور روہنگیا اقلیت کےلیے راشن پیکٹ تقسیم کرائے ۔
مملکت نے بنگلہ دیش کو 15 لاکھ کورونا ویکسینیں فراہم کیں ۔ سعودی عرب کی جانب سے اس قسم کےفلاحی و امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔   

شیئر: