Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں مجسمہ آزادی سے اونچے جُھولے سے گر کر 14 سالہ لڑکا ہلاک

پارک کی ویب سائٹ کے مطابق یہ جھولا 430 فٹ اونچا ہے (فائل فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
امریکہ کے شہر اورلینڈو کے ایک سیاحتی ضلعے کے تفریحی پارک میں رات دیر گئے مجسمہ آزادی سے اونچے جھولے سے گر کر ایک 14 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس حکام اور ہنگامی طبی عملہ جمعرات کو دیر گئے آئیکون پارک میں ایک کال کے جواب میں پہنچا۔ لڑکا اورلینڈو فری فال جھولے سے گرا تھا، جو گذشتہ سال کے آخر میں کُھلا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق لڑکے کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔ حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات کا علم نہیں ہوسکا۔
جمعے کی صبح نیوز چینل این بی سی کے ’ٹو ڈے‘ شو کے ذریعے نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں مسافروں کو جمعرات کی رات جھولے کی سیٹ کی ساتھ مسائل پر بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس کے بعد جھولے نے اپنا سفر ٹاور کی جانب شروع ہی کیا کہ کسی کو اوپر سے گرتے دیکھا گیا۔
سلنگ شاٹ گروپ، جو اس جھولے کے مالک ہیں، کے سیلز ڈائریکٹر جان سٹائن نے جمعے کی صبح ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جو کچھ ہوا اس سے ہم بالکل افسردہ اور تباہ حال ہیں۔ ہمارے دل اس نوجوان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فری فال جھولا اور اس سے ملحق جھولے کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ ان کی کمپنی آئیکون پارک میں دو جھولوں کو چلاتی ہے۔‘
ریاستی حکام نے حادثے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ پارک کی ویب سائٹ کے مطابق یہ جھولا 430 فٹ اونچا ہے اور اسے دنیا کا سب سے اونچا فری سٹینڈنگ ڈراپ ٹاور کہا جاتا ہے۔

شیئر: