دبئی میں بڑے سفید ہیرے ’دی راک‘ کی نمائش، 3 کروڑ ڈالر میں فروخت متوقع
ناشپاتی کی شکل کا 228 اعشاریہ 31 کیرٹ کا یہ ہیرا 20 سال قبل جنوبی افریقہ کی ایک کان سے نکلا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
’دی راک‘ نام کا ایک بڑا ہیرا جمعے کو پہلی بار دبئی میں نیلامی سے قبل پیش کیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امید ہے کہ یہ ہیرا تین کروڑ ڈالر میں نیلام ہوجائے گا۔
آکشن ہاؤس کرسٹیز نے بتایا ہے کہ ناشپاتی کی شکل کا 228 اعشاریہ 31 کیرٹ کا یہ ہیرا، جو 20 سال قبل جنوبی افریقہ کی ایک کان سے نکلا اور پالش کیا گیا تھا، نیلامی کے لیے آنے والا اب تک کا سب سے بڑا سفید ہیرا ہے۔
’دی راک‘ کرسٹیز دبئی میں ڈیبیو کرنے کے بعد، جہاں یہ 26 سے 29 مارچ تک نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، تائی پے، نیویارک اور جنیوا جائے گا، جہاں 11 مئی کو اس کی نیلامی ہوگی۔
کرسٹیز کے زیورات کے بین الاقوامی سربراہ راہول کیڈکیا کا کہنا ہے کہ ’مشرق وسطیٰ میں ہمیشہ سے ہی اہم جواہرات اور قیمتی پتھروں کی بڑی قدر رہی ہے۔‘
’ہم نے سوچا کہ ہمارے لیے یہ اچھا ہوگا کہ ہم ایک ایسے علاقے میں ہیرے کو لانچ کریں جہاں اس نوعیت کے اہم جواہرات کو جمع کرنے والے عظیم کولیکٹرز موجود ہیں۔‘
خیال رہے کہ کرسٹیز نے کہا ہے کہ ’اس سے قبل نومبر 2017 میں سب سے بڑا بے رنگ ہیرا، جو 163 اعشاریہ 41 کیرٹ کا تھا، تین کروڑ 37 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوا تھا۔‘