’دو دہائیوں کی محنت‘ کے بعد انڈین کان کن کو بڑا ہیرا مل گیا
سشیل شکلا نے کہا کہ وہ ہیرے سے حاصل ہونے والی رقم سے کاروبار کریں گے (فائل فوٹو: پکسا بے)
متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک انڈین شہری کو دو دہائیوں کی محنت کے بعد مدھیہ پردیش کی کان سے ایک بڑا ہیرا ملا ہے جس کی قیمت ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق چھوٹے پیمانے پر اینٹوں کے بھٹے کا کاروبار کرنے والے سشیل شکلا کو 26 اعشاریہ 11 قیراط کا ہیرا ضلع پنا سے ملا ہے۔
قیمتی پتھروں سے متعلق محکمے کے افسر روی پٹیل نے بتایا ہے کہ نیلامی میں اس قیمتی پتھر کی بولی ایک کروڑ 20 لاکھ انڈین روپے لگ سکتی ہے۔
سشیل شکلا ضلع پنا میں کشور گنج کے رہائشی ہیں اور پیر کو انہیں یہ ہیرا ایک کان سے ملا ہے۔
روی پٹیل کا کہنا ہے کہ یہ قیمتی پتھر دو دنوں میں نیلامی کے لیے پیش کر دیا جائے گا اور سرکاری رائلٹی اور ٹیکسز کی کٹوتی کے بعد اس سے حاصل ہونے والی رقم کان کن کو دی جائے گی۔
سشیل شکلا لیز پر لی گئی ایک جگہ پر اینٹوں کے بھٹے کا کاروبار کرتے ہیں۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اور ان کا خاندان بھی گزشتہ 20 برسوں سے ہیروں کی کان کنی کا کام کر رہے تھے لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ان کو ایک بڑا ہیرا ملا ہے۔
جس کان سے ان کو ہیرا ملا ہے، وہ سشیل شکلا اور ان کے پانچ ساتھیوں نے لیز پر لے رکھی ہے۔
سشیل شکلا نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس ہیرے کی قیمت ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہیرے سے حاصل ہونے والی رقم سے کاروبار کریں گے۔
پنا ضلع مدھیہ پردیش ریاست کے دارالحکومت بھوپال سے 380 کلومیٹر دور واقع ہے۔ اندازے کے مطابق پنا ضلعے میں 12 لاکھ قیراط مالیت کے ہیروں کے ذخائر ہیں۔