سعودی عرب، مشرق وسطیٰ میں کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے کوشاں
سعودی عرب، مشرق وسطیٰ میں کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے کوشاں
پیر 28 مارچ 2022 5:20
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے گلوبل کانفرنس سے خطاب کیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ مملکت میں توانائی کا شعبہ مشرق وسطیٰ میں کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے کوشاں ہے۔ مملکت اس کام میں ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کو اپنے مشن میں شریک کرنا چاہتا ہے۔
ایس پی اے اورسبق ویب کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ہمارے یہاں چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کی سعودائزیشن کا پروگرام نافذ کیا جا رہا ہے۔ حکومت ان اداروں کی مدد کر رہی ہے۔ مملکت نہیں چاہتی کہ چھوٹے اور درمیانے سائز کے ادارے ناکام ہو کر مارکیٹ چھوڑیں۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اتوار کو ریاض میں گلوبل کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
کانفرنس بدھ 30 مارچ تک جاری رہے گی, اس میں 180 ممالک کی فیصلہ ساز شخصیات، ماہرین، سرمایہ کار اور پہلی بار کاروبار شروع کرنے والے شریک ہیں۔
کانفرنس کے شرکا کاروبار کی رہنمائی کےلیے مشترکہ عالمی نظام کی تشکیل میں معاون موضوعات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ 100 سے زیادہ اجلاس ہوں گے اور150 سے زیادہ شخصیات لیکچرز دیں گی۔
شہزادہ عبداالعزیز بن سلمان نے مزید کہا کہ ’سب یہ بات یاد رکھیں گے سعودی وژن 2030 کے قائد شہزادہ محمد بن سلمان ہیں۔ وہ آگے کی طرف دیکھنے والے نوجوان قائد ہیں اور ان کی ڈکشنری myz ناممکن جیسا کوئی لفظ نہیں ہےـ‘
انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں پرجوش اور پرعزم نوجوان اپنے اور وطن کے مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں۔