Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ’گلوبل انٹرپرینیورشپ کانفرنس اتوار سے

180 ممالک کے سرمایہ کار، تاجراور شخصیات شرکت کر رہی ہیں( فائل فوٹو عرب نیوز)  
سعودی ولی عہد ونائب وزیراعظم اوراقتصادی و ترقیاتی امورکی کونسل کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں اتوار27 مارچ کو ریاض میں ’گلوبل انٹرپرینیورشپ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ 
عاجل نیوز کے مطابق کانفرنس شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر اور فائیوسٹار ہوٹل ریٹزکارلٹن میں منعقد کی جائے گی۔
کانفرنس کا اہتمام چھوٹی اور درمیانے درجے کی تجارتی اداروں کی اتھارٹی ’منشآت ‘ نے گابل انٹرپرینیورشپ نیٹ ورک کے تعاون سے کیا ہے۔
کانفرنس بدھ 30 مارچ تک جاری رہے گی جس میں 180 ممالک کے معروف سرمایہ کار، تاجراورفیصلہ ساز شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔  
چار روزہ عالمی سطح کی کانفرنس میں متعدد اہم موضوعات پرروشنی ڈالی جائے گی جن میں انٹرپرینیورشپ کے لیے متحدہ عالمی نظام کی تعمیرکے حوالے سے بھی اہم نکات زیر بحث آئیں گے۔ 
کانفرنس میں وبا کے بعد کے مرحلے کو سامنے رکھتے ہوئے کاروباری معاملات کے حوالے سے عالمی رجحانات کے بارے میں بھی غور کیا جائے گا۔ منعقدہ کانفرنس میں 100 سیشنز ہوں گے جن میں 150 سے زائد اسپیکرز شرکت کریں گے۔ 
مختلف ممالک سے آنے والے 26 وزراکے علاوہ عالمی سطح کی معروف تجارتی کمپنیوں کے اہم عہدیدار اورفیصلہ ساز شخصیات بھی مختلف موضوع پرگفتگو کریں گے۔ 
کانفرنس میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز، وزیر سرمایہ کاری انجینئرخالد الفالح ، وزیر ٹیلی کمیونیکیشن اورانفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرعبداللہ السواحہ بھی شامل ہیں۔
عالمی سطح کی معروف شخصیات میں ’ایپل ‘ کمپنی کے بانی سٹیو ووزنیاک ،نیٹ فلکس کے بانی ، جی این ای کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ، مارا گروپ کے بانی کے علاوہ دیگرمعروف شخصیات شامل ہیں۔ 

شیئر: