روس کی فضائی حدود سے بچ کے، دنیا کی طویل ترین دورانیے کی پرواز
طویل دورانیے کی پرواز نیو یارک سے ہانگ کانگ تک 16 ہزار 618 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بین الاقوامی فضائی کمپنی کیتھی پیسیفک ایئرویز نے اپنی نیو یارک سے ہانگ کانگ کے لیے پرواز کا نیا روٹ جاری کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق روس کی فضائی حدود سے دور رہتے ہوئے بین الاقوامی فضائی کمپنی نئے راستے اختیار کر رہی ہیں۔
کیتھی پیسیفک کی نیو یارک سے ہانگ کانگ کے لیے پرواز کا دورانیہ 17 گھنٹے ہوگا جو دنیا میں سب سے طویل دورانیے کی کمرشل پرواز ہو گی۔
ایئرلائن نے نئے روٹ کے منصوبے میں نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد طیارے کو بحر اوقیانوس کے اوپر پرواز کرتے ہوئے برطانیہ، جنوبی یورپ اور وسطی ایشیا سے ہوتے ہوئے ہانگ کانگ پہنچے گی۔
یہ پرواز نیو یارک سے ہانگ کانگ تک 16 ہزار 618 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل فلائٹ ریڈار 24 کے ڈیٹا کے مطابق سنگاپور ایئرلائنز کی نیو یارک سروس 15 ہزار 349 کلومیٹر کا فاصلہ ساڑھے 17 گھنٹے کے وقت میں طے کرتی ہے۔
کیتھی ایئرویز کی ترجمان نے بتایا کہ کمپنی کی ایئربس اے 350 نئے روٹ پر اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یوکرین پر حملے کے بعد ایشیا کی متعدد ایئرلائنز روس کی فضائی حدود سے دور رہتے ہوئے پروازیں کر رہی ہیں۔