Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں بابر اعظم نے نصف سنچری بنائی ہے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بیٹنگ کے شعبے میں اپنی عمدہ پرفارمنس جاری رکھتے ہوئے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
بابر اعظم پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے تیزی سے چار ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بنے جب کہ انٹرنیشنل سطح پر وہ اس مرحلے تک تیزی سے پہنچنے والے دوسرے کھلاڑی بنے ہیں۔
82 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل کر چار ہزار رنز مکمل کرنے والے بابراعظم نے سر ویوین رچرڈز، جو روٹ، وراٹ کوہلی، ڈیود وارنر اور شیکھر دھون کو پیچھے چھوٹے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ تیزی سے چار ہزار رنز بنانے والوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں جنہوں نے یہ اعزاز 81 میچوں میں حاصل کیا ہے۔
کرکٹ ریکارڈز کے مطابق اگر بابراعظم آج کے میچ سمیت آئندہ چار میچوں میں سنچری اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ کسی بھی پاکستانی کپتان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا اعزاز اپنے نام کر لیں گے۔
اس وقت بابراعظم نے کپتان کے طور پر کھیلتے ہوئے تین ون ڈے سنچریاں بنا رکھی ہیں، اظہر علی نے تین، انضمام الحق اور شاہد آفریدی نے کپتان رہتے ہوئے دو، دو سنچری اننگز کھیلی ہیں۔
آئندہ چار میچوں کے دوران سنچری بنا کر بابراعظم ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے تیزترین 15 سنچری اننگز کا اعزاز بھی اپنے نام کر سکتے ہیں۔

2019 کے بعد سے اب تک بابر اعظم نے 29 ایک روزہ میچ کھیل کر 66.07 کی اوسط سے 1718 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران جہاں انہوں نے 158 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی وہیں آٹھ نصف سنچریاں اور چھ سنچری اننگز بھی کھیلی ہیں۔
اس عرصے میں بابر اعظم نے ہر ون ڈے سیریز میں کم از کم ایک سنچری اننگز ضرور کھیلی ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ منگل 29 مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا ہے۔

شیئر: