Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک عدم اعتماد: اجلاس کے لیے ایم این اے علی وزیر اسلام آباد منتقل

علی وزیر 31 دسمبر 2020 سے کراچی کی مرکزی جیل میں قید ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پشتون تحفظ موومنٹ کے ایم این اے علی وزیر کو تحریک عدم اعتماد کے لیے بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔
کراچی سینٹرل جیل کے ایک سینیئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’حکومت سندھ نے سندھ ہاؤس اسلام آباد کو سب جیل قرار دیتے ہوئے علی وزیر کو اسلام آباد منتقل کیا۔‘ 
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق سندھ ہاؤس کے کمرہ نمبر 214 کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کو درخواست دی تھی کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔ 
جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی پر ریاست کے خلاف نعرے لگانے یا نفرت انگیز تقاریر کا الزام ہے۔
 وہ 31 دسمبر 2020 سے کراچی کی مرکزی جیل میں قید ہیں۔ ان پر میران شاہ میں بھی انہی الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر بحث آج جمعرات کو قومی اسمبلی میں ہورہی ہے۔ 
گذشتہ ہفتے متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کو درخواست دی تھی کہ رکن قومی اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کے لیے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔

شیئر: