سعودی عرب میں الیکٹرانک چِپ کی تیاری کا منصوبہ
منصوبے سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کےحصول میں مدد ملے گی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ’الیکٹرانک چِپ‘ کی تیاری کے حوالے سے جامع و منفرد منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے ۔ منصوبہ کنگ عبدالعزیز سٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے اشتراک سے انجام دیا جائے گا۔
الشرق الاوسط اخبار کے مطابق کنگ عبدالعزیز سٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ ڈاکٹر منیرالدسوقی نے اس بات کا اعلان کنگ عبداللہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ادارے کے زیر اہتمام منعقدہ فیوچر فورم کے دوران کیا۔
پروگرام کا مقصد مملکت میں الیکٹرانک چپ کے ڈیزائن اور تیاری میں حصہ لینے والے مقامی نوجوانوں کی تربیت ہے۔ اس کے تحت سعودی جامعات کے اسکالرز کو جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے الیکٹرانک چپس کی تیاری میں شریک کرنا ہے۔
کنگ عبدالعزیز سٹی میں ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے نگران ڈاکٹر سعید الشھری نے کہا کہ الیکٹرانک چِپ کی تیاری سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کےحصول میں مدد ملے گی۔
فورم کے دوران مملکت میں چِپ کی صنعت کے فروغ کے لیے سرکاری و نجی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان متعدد معاہدے ہوئے۔