مشرق وسطی کا سب سے بڑا کار اسمبلنگ پلانٹ
مشرق وسطیٰ میں کار اسمبلنگ کا سب سے بڑا پلانٹ الجبیل میں لگایا جا رہا ہے۔کوریا کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا جس پر تیزی سے کام جاری ہے ، کار اسمبلنگ پلانٹ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ مشرق وسطی کا سب سے بڑا پلانٹ ہوگا۔ مقامی سطح پرروزگار کے سیکڑوں مواقع میسر آئیں گے ۔
صنعتوں کا قیام اور انکا فروغ ملکوں کی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے ۔ ترقی یافتہ ممالک میں صنعتوں کے باعث جہاں معیشت مستحکم ہوتی ہے وہاں عوام خوشحالی کے دروازے بھی کھلتے ہیں ۔ موجودہ سعودی حکمرانوں نے مملکت میں صنعت کے فروغ کےلئے جامع منصوبے مرتب کئے ہیں ۔ دنیا بھر میں گاڑیوں کی صنعت اہمیت کی حامل ہے ۔ دنیا بھر میں کارسازی کی صنعت پر خاص توجہ دی جاتی ہے ۔ اس صنعت سے منسلک کمپنیاں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کےلئے اپنی مصنوعات میں جدت پیدا کرتی ہیں تاکہ وہ مارکیٹ کا زیادہ سے زیادہ حصہ حاصل کر سکیں ۔
گاڑیوں کی خرید و فروخت حوالے سے مشرق وسطی میں سعودی عرب کا شمار بڑی مارکیٹ کے طور پر ہوتا ہے ۔ مملکت کے وژن 2030 میں اس امر کو خاص اہمیت دی گئی ہے کہ یہاں کار سازی کی صنعتوں کو فروغ دیا جائے ۔ مملکت کے قومی منصوبے میں کاروں کی صنعت کا شعبہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ۔
الجبیل میں”قومی کمپنی برائے کار سازی“ کا کورین کمپنی کے ساتھ معاہدا کیا گیا ہے جس کے تحت الجبیل میں گاڑیوں کے اسمبلنگ پلانٹ تعمیر کیاجائے گا ۔ پلانٹ 84 ہزار مربع میٹر پر محیط ہو گا اس کی تعمیر پر 700 ملین ریال لاگت آئے گی ۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد توقع ہے کہ 300 سے زائد روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔
الجبیل میں قائم کیاجانے والا کار اسمبلنگ پلانٹ سالانہ 10 ہزار سے 30 ہزار گاڑیاں اسمبل کرنے کی گنجائش کا حامل ہو گا ۔ واضح رہے اس سے قبل مملکت میں گاڑیوں کی صنعت کے حوالے سے کافی کام ہوا اور فیکٹریاں بھی کام کررہی ہیں جہاں محدود پیمانے پر کاروں کے پارٹس وغیر ہ بنائے جاتے ہیں تاہم الجبیل رائل کمیشن کے اشتراک سے جو پلانٹ قائم کیاجارہا ہے وہ سب سے بڑا اور اہم ہو گا جو مملکت میں صنعتی انقلاب کا پیش خیمہ ہو گا ۔