شعبان کا آخری جمعہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی نمازیوں سے بھر گئیں
شعبان کا آخری جمعہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی نمازیوں سے بھر گئیں
جمعہ 1 اپریل 2022 18:09
جمعے کا خطبہ دس سے زیادہ زبانوں میں براہِ راست پیش کیا گیا(فوٹو ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں مسجد احرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں سعودی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور بیرون مملکت سےآنے والے زائرین نے یکم اپریل کو شعبان کا آخری جمعہ ادا کیا ہے۔ آئندہ جمعہ رمضان کا ہوگا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ نے نماز جمعہ ادا کرنے کےلیے آنے والے زائرین کے لیے تمام انتظامات کیے تھے۔
نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے زائرین کی آمد کا سلسلہ صبح سویرے سے شروع ہوگیا تھا۔
مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحنوں میں نماز کےلیے انتظامات کیے گئے تھے۔ مسجد الحرام کے تمام دروازوں اور راہداریوں میں زائرین کے لیے سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
معمر اور معذور زائرین گولف گاڑیوں کے ذریعے مسجد الحرام پہنچانے کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔
مسجد الحرام کی تمام منزلیں، صحن اور دالان نمازیوں سے بھر گئے تھے۔ کورونا وبا پر کنٹرول کیے جانے کے بعد اتنا بڑا اجتماع دیکھنے میں آیا۔
قرآن پاک کی تلاوت کے لیے زائرین کو ہزاروں نسخے مہیا تھے۔ پنکھے اور ایئرکنڈیشن موسم کو خوشگوار رکھنے کےلیے کام کر رہے تھے ۔بڑی تعداد میں صفائی کارکنان تعینات تھے۔
جمعے کا خطبہ دس سے زیادہ زبانوں میں براہِ راست پیش کیا گیا۔ زائرین کو مطلوبہ زبان میں خطبہ جمعہ سننے کےلیے ہیڈ فون دیے گئے تھے۔