ترین اور علیم گروپ کا وزیراعلٰی کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان
ترین اور علیم گروپ کا وزیراعلٰی کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان
ہفتہ 2 اپریل 2022 6:48
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں وزیراعلٰی کے انتخاب کے لیے جہانگیر ترین گروپ کے بعد علیم خان گروپ نے بھی حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
سنیچر کو لاہور میں اپوزیشن کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز نے تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان سے ملاقات کی جس میں علیم خان نے اپنے حمایتی ارکان سمیت ان کی حمایت کا فیصلہ کیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ ترین گروپ اور علیم گروپ ہمارے ساتھ ہے۔ سیاسی حریف ایک دوسرے کے دوست بن سکتے ہیں۔‘
اس سے قبل جہانگیر ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی باضابطہ حمایت کا اعلان کیا تھا۔
سنیچر کو لاہور میں حمزہ شہباز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترین گروپ کے ممبر نعمان لنگڑیال نے بتایا کہ ’جہانگیر ترین نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ہمارا فیصلہ ملک اور قوم کی بہتری کے لیے ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جہانگیر ترین کے فیصلے پر ترین گروپ کے تمام ممبران نے لبیک کہا، حمزہ شہباز صوبے کی خدمت کریں گے۔‘
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ’میں جہانگیر ترین کا شکرگزار ہوں، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجائے، بہت بڑا سرپرائز دوں گا۔‘
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کے لیے تین اپریل کا دن مقرر کیا گیا ہے۔
سنیچر کو صوبہ پنجاب میں نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔
پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ نے انتخاب کے لیے تین اپریل کا دن مقرر کرتے ہوئے اجلاس اتوار صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔
وزارت اعلٰی کے انتخاب لیے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی اور اپوزیشن کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز کے کاغذات نامزدگی سیکریٹری اسمبلی کے آفس میں جمع کرائے گئے۔
چوہدری پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی اراکین اسمبلی محمد راجا بشارت، چوہدری ظہیر الدین، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر مراد راس اور میاں محمودالرشید نے جمع کروائے جبکہ حمزہ شہباز نے اپنے کاغذات نامزدگی خود جمع کروائے۔