اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے، ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں: شیخ رشید
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہر گھنٹے بعد ملک کی سیاسی صورتحال بدل سکتی ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ ریشد احمد نے کہا کہ آخری حل یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین اگر سچے سیاستدان ہیں تو وہ اسمبلی کی نشستوں سے مستعفی ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرے اور ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر ملکی سازش میں ملوث سیاسی جماعتوں پر غداری کے مقدمے قائم کیے جائیں اور ان پر پابندی عائد کی جائے۔
شیخ رشید نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن باپ بیٹے پر 18 فروری کو 16 ارب کرپشن کی فرد جرم عائد ہونی تھی ’وہ چور ڈاکو ایک صوبے اور مرکز کے امیدوار ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اگر عدم اعتماد کامیاب ہوتی ہے اور جب تک نیا وزیراعظم حلف نہیں اٹھاتا تو عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ تو ایک سال سے کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کرائے جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ رمضان یا عید کے بعد ٹی وی پر بطور اینکر نظر آ سکتے ہیں۔