مسجد الحرام میں زائرین کی خدمت اور صفائی کے لیے چار ہزار کارکنان
مسجد الحرام میں زائرین کی خدمت اور صفائی کے لیے چار ہزار کارکنان
ہفتہ 2 اپریل 2022 21:45
مسجد الحرام میں روزانہ دس مرتبہ صفائی اور دھلائی کی جائے گی( فوٹو ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے اس سال رمضان میں زائرین کی خدمت کے لیے گیارہ روبوٹ اور چار ہزارکارکنان تعینات کیے ہیں۔
سبق ویب کے مطابق انتظامیہ نے زائرین کو اطمینان اور محفوظ ماحول میں عبادت کا موقع فراہم کرنے کے لیے انتظامات کیے ہیں۔
انتظامیہ نے مسجد الرحام کے صحنوں میں 24 گھنٹے نگرانی، صفائی، سیناٹائزنگ اور آمد ورفت کے لیے گالف گاڑیوں کا انتظام کیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام روزانہ دس مرتبہ صفائی ہوگی، اس مقصد کے لیے چار ہزار سے زیادہ کارکنان مامور ہیں ان میں خواتین شامل ہیں۔ ایک لاکھ 30 ہزارلٹرجراثیم کش مادہ استعمال ہو گا جبکہ روزانہ 25 سو لٹر خوشبویات استعمال ہوں گی۔
35 ہزارلٹرسینیٹائزر استعمال کیا جائے گا جبکہ گیارہ سمارٹ ربورٹ مسجد الحرام کی سیناٹائزنگ کریں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روزانہ 20 لاکھ سے زیادہ زمزم کی بوتلیں تقسیم ہوں گی۔ 25 ہزار سے زیادہ زمزم کولر مسجد الحرام میں مختلف مقامات پر رکھے جائیں گے۔ مسجد الحرام کی تیسری توسیع والیعمارت میں 2500 پانی کی سبیلیں ہوں گی۔
اذان کے مقام ( المکبریہ) اور جنازے کی نماز کی جگہ آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کرنے کا خصوصی انتظام ہے۔
انتظامیہ نے مسجد الحرام کے اندر روزے داروں کو افطار کرانے کے لیے دو ہزار اجازت نامے جاری کیے ہیں جبکہ مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں افطار کے لیے 70 اجازت نامے جاری ہوئے ہیں۔