بیوی کو تیزاب پھینک کر ہلاک اور بچی کو زخمی کرنے والا ملزم گرفتار
سیکیورٹی حکام نے ملزم سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب جدہ میں حکام نے اہلیہ کو تیزاب پھینک کر ہلاک اور بچی کو زخمی کرنے والے مقامی شہری کو گرفتار کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مقتول خاتون رحاب الزہرانی کی بہن جمیلہ الزہرانی نے پولیس سٹیشن میں ملزم کو شناخت کیا تاہم اس کے چہرے پر پشیمانی کی کوئی علامت نظر نہیں آرہی تھی۔
جمیلہ الزہرانی نے بتایا کہ ’وہ پولیس سٹیشن میں اپنی بہن کے قاتل کو سامنے دیکھ کر ہوش حواس کھو بیٹھی۔ بے ساختہ یہ جملہ نکلا کہ تم مجرم ہو مگر اس نے میری کسی بات کا جواب نہیں دیا۔‘
سکیورٹی حکام نے ملزم سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔ کیس جلد قانون نافذ کرنے والے ادارے کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے اپنے پانچ سے زیادہ پڑوسیوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ شہری دفاع کے کئی اہلکار بھی متاثر ہوئے ہیں۔
رحاب الزہرانی کی والدہ نے بتایا کہ ’ملزم نے میری بیٹی اوراس کی بچی کو بچانے کی کوشش کرنے والے پڑوسیوں پر بھی تیزاب سے حملہ کیا جو کچھ ہوا وہ ناقابل یقین تھا۔‘
’میری بیٹی ہمیشہ کہا کرتی تھی کہ وہ خود کو محفوظ نہیں سمجھتی۔ شوہر بات بات پر قتل کی دھمکیاں دیتا ہے۔‘
رحاب کی والدہ نے بتایا کہ ’بینک سے چار لاکھ ریال کا قرضہ دلانے کے لیے دباو ڈالتارہتا تھا۔ میری بیٹی ایک کمپنی میں کام کر رہی تھی۔ُ
العربیہ نیٹ کے مطابق رحاب الزہرانی کی یہ دوسری شادی تھی، پہلے شوہر سےاس کی بچی تھی جو تیزاب سے جھلس گئی اور انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہے۔