قصیم میں خاتون پر تیزاب پھینکنے والا غیر ملکی گرفتار
’ملزم غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے ملک میں داخل ہوا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
قصیم پولیس نے ایک غیر ملکی خاتون اور اس کی بیٹی پر حملہ کر کے تیزاب پھینکنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ملزمیمنی تارک وطن ہے اور ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے۔
اس حوالے سے قصیم ریجن پولیس کا کہنا ہے کہ ’پولیس کو اطلاع ملی کہ کسی نے ایک گھر میں گھس کر ایک غیر ملکی خاتون اور ان کی بیٹی کو زد وکوب کیا اور خاتون پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گیا۔‘
پولیس کے مطابق ’تفتیش میں حملہ آور کی شناخت ہو گئی اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔ معلوم ہوا کہ وہ غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے ملک میں داخل ہوا تھا۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ’تفتیش کا دائرہ وسیع کرنے پر معلوم ہوا کہ حملہ آور خاتون کا سابق شوہر ہے جو اس سے پہلے ملک سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔‘
ملزم کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔