عبیرہ قتل کیس: ماڈل عظمیٰ راؤ عدم ثبوتوں کی بنیاد پر بری
مارچ 2014 میں ماڈل عبیرہ کو قتل کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو)
لاہور ہائی کورٹ نے ساتھی ماڈل عبیرہ کے قتل کیس میں سزا پانے والی ماڈل عظمیٰ راؤ کو عدم ثبوتوں کی بنیاد پر بری کر دیا ہے۔
پیر کو جسٹس شہرام سرور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مجرمہ کی بریت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے عدم ثبوتوں کی بنیاد پر کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عظمیٰ راؤ کی رہائی کا حکم دیا۔
2018 میں سیشن کورٹ نے ماڈل عبیرہ کو قتل کرنے کے الزام میں عظمیٰ راؤ کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔
انہوں نے سزائے موت کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
پولیس نے ان کے خلاف لاہور کے تھانہ شیرا کوٹ میں مقدمہ درج کیا تھا۔
مارچ 2014 میں ماڈل عبیرہ کو قتل کیا گیا تھا اور ان کی لاش سوٹ کیس میں بند کر کے لاری اڈہ میں پھینک دی گئی تھی۔
2015 میں قتل کے الزام میں عظمیٰ راؤ اور ان کے دو ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔