Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی باغی جنگ بندی کی شرائط کی پابندی کریں: سلامتی کونسل

سلامتی کونسل کے اراکین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی علاقائی استحکام میں بہتری لا سکتی ہے۔ (فوٹو: یو این)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پیر کو سعودی عرب کے خلاف حوثی باغیوں کے دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے 20 اور 25 مارچ کو مملکت کی اہم شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔
سلامتی کونسل نے حوثی باغیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی کی شرائط کی پابندی کریں۔
دو اپریل کو یمن میں مقابل حریفوں کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد کا آغاز ہوا تھا۔
سلامتی کونسل کے اراکین نے اجلاس کے دوران زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی یمنی شہریوں کی مشکلات کو کم کرنے اور علاقائی استحکام میں بہتری لا سکتی ہے۔
انہوں نے تعز روڈ کو دوبارہ کھولنے، ایندھن اور سامان کی باقاعدہ ترسیل جیسے اقدامات کے ذریعے اعتماد سازی پر زور دیا تاہم یہ بھی کہا کہ اس کو محدود نہیں ہونا چاہیے۔
سلامتی کونسل نے تمام فریقین فریقین سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ بندی کے اس موقعے سے فائدہ اٹھائیں اور ایک جامع اور سیاسی حل کی جانب پیشرفت کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے ساتھ مل کر کام کریں۔

دو اپریل کو یمن میں مقابل حریفوں کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد کا آغاز ہوا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سلامتی کونسل نے یمن معاملے کے لیے حل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی سیاسی مشاورت کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ جبکہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں یمنی شہریوں کی زیر قیادت امن عمل کے موقف کا اعادہ کیا اور اس میں خواتین کی کم از کم 30 فیصد شرکت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔  
سلامتی کونسل نے گزشتہ ہفتے رہاض میں یمنی شہریوں کے درمیان شروع ہونے والے مزاکرات کے لیے خلیج تعاون کونسل کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

شیئر: