Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں شاہ سلمان افطار پروگرام کا افتتاح

پروگرام کے تحت 1750 رمضان راشن پیکٹ تقسیم ہوں گے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے بدھ کواسلام آباد میں شاہ سلمان افطار پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔
پروگرام کے تحت افطار کے علاوہ کھجوریں اور قرآن پاک کے نسخے تقسیم کیے جارہے ہیں۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کے مذہبی اتاشی نے افطار پروگرام کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا ہے ۔ سعودی سفیر نواف المالکی، قائم مقام مذہبی اتاشی متعب بن محمد الجدیعی، پاکستان کی متعدد شخصیات اور سعودی سفارتکار شریک ہوئے۔
 ایک پروگرام کے تحت 1750 رمضان راشن پیکٹ تقسیم ہوں گے۔ ان سے 14 ہزارنادارافراد فیض یاب ہوں گے ۔ 12 ٹن معیاری کھجوریں تقسیم کی جائیں گی۔

رمضان راشن  ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے(فوٹو ایس پی اے)

قرآن پاک کے 24 ہزار نسخوں کا تحفہ دیا جائے گا۔ ان میں اردو اور سندھی وغیرہ مختلف زبانوں میں قرآنی آیات کے معنی کے ترجمے شامل ہوں گے۔
تینوں پروگراموں میں تقسیم کا کام لائسنس ہولڈر اسلامی تنظیموں کے تعاون سے انجام دیا جائے گا۔  
اس موقع پرسعودی سفیر نے کہا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر رمضان کے دوران پاکستان سمیت متعدد ممالک میں رمضان راشن ، اعلیٰ درجے کی کھجوریں اور قرآن پاک کے نسخے تقسیم کیے جارہے ہیں۔ پاکستانی بھائی اس شاہی پروگرام سے خوش ہیں اور شاہ سلمان کے شکر گزار ہیں‘۔
قائم مقام مذہبی اتاشی متعب الجدیعی نے کہا کہ ’رمضان راشن زیادہ ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ حفظان صحت کے ضوابط کی مکمل پابندی کی جا رہی ہے‘۔  

شیئر: