سعودی عرب کا دنیا کے 19 ممالک میں رمضان امدادی پروگرام کا آغاز
سعودی عرب کا دنیا کے 19 ممالک میں رمضان امدادی پروگرام کا آغاز
پیر 4 اپریل 2022 23:12
پروگرام سے نو لاکھ سے زیادہ افراد مستفید ہوں گے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ’ایطام‘ انیشیٹو کا مقصد رمضان کے دوران 19 ممالک میں آٹھ ہزار 430 ٹن فوڈ باسکٹ تقسیم کرنا ہے جس سے نو لاکھ سے زیادہ افراد مستفید ہوں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ انیشیٹو انسانی ہمدردی کے منصوبوں کا حصہ ہے جو مملکت کی طرف سے لاگو کیا جا رہا ہے جس کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کرتا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے البانیہ اسلامی شیخڈم کے تعاون سے البانیہ میں رمضان فوڈ باسکٹ تقسیم کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔
رمضان فوڈ باسکٹ تقسیم کرنے کی تقریب میں البانیہ میں سعودی نائب سفیر عبداللہ الشہری، البانیہ اسلامی کے صدر شیخ ،البانیہ کے مفتی اعظم، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی ٹیم اور متعدد البانی حکام نے شرکت کی۔
اس منصوبے کا مقصد البانیہ کے31 مختلف شہروں میں پانچ ہزار 514 فوڈ باسکٹ تقسیم کرنا ہے جس سے 27 ہزار 570 افراد مستفید ہوں گے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے کوسوو کے شہر فیریزج میں 13 ٹن سے زیادہ رمضان فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جس سے 220 خاندان مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں اس منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
اس کا مقصد نو ہزار 625 فوڈ باسکٹ تقسیم کرنا ہے جس سے متعدد علاقوں میں 51 ہزار 400 افراد مستفید ہوں گے۔
دریں اثنا سعودی وزارت اسلامی امو و دعوت و رہنمائی جس کی نمائندگی جنوبی افریقہ میں مملکت کے سفارت خانے کے مذہبی اتاشی نے کی روزہ داروں میں شاہ سلمان کا تحفہ تقسیم کرنے کے لیے ایک پروگرام شروع کیا ہے۔
یہ تقریب جنوبی افریقہ میں سعودی سفیر اور متعدد عہدیداروں اور مبلغین کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔
اس پروگرام کا مقصد جنوبی افریقہ اور پڑوسی ممالک کے ضرورت مند خاندانوں میں رمضان کے دوران دو ہزار 500 فوڈ باسکٹ اور 11 ٹن کھجوریں تقسیم کرنا ہے۔