Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کے ساتھ سعودی و کویتی سفارتی تعلقات بحال

سعودی عرب نے اکتوبر2021 کے آخر میں بیروت سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب اور کویت نے لبنان کے محب وطن و اعتدال پسند سیاست دانوں کی اپیل پر اپنے سفیر بیروت واپس بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔
دونوں ممالک نے پانچ ماہ قبل لبنان سے اپنے سفیر واپس بلا لیے تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے اکتوبر2021 کے آخر میں بیروت سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا جبکہ ریاض میں متعین لبنانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔
مملکت نے لبنانی درآمدات پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس کا موقف یہ تھا کہ لبنانی حکام حقائق کو نذر انداز کر رہے ہیں اور گہرے رشتوں و برادرانہ جذبات کو پس پشت ڈال کر باہمی تعلقات کے تقاضے پورے نہیں کر رہے۔
سعودی اور کویتی دفاتر خارجہ نے الگ الگ بیان میں کہا ہے کہ لبنانی وزیراعظم نے خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے مطلوبہ ضروری اقدامات کا عہد کیا ہے۔ 
علاوہ ازیں سیاسی وعسکری و سلامتی کو نقصان پہنچانے والی تمام سرگرمیاں بند کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
دونوں ممالک کے دفاتر خارجہ نے کہا ہے کہ لبنان کی تمام عرب اداروں میں شمولیت اور بحالی  بے حد اہم ہے انہوں نے لبنان میں امن و سلامتی کی بحالی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے سفیروں کی بحالی سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کو عربوں سے اپنی نسبت پر فخر ہے اور وہ خلیجی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کی پالیسی پر قائم ہے خلیجی ممالک کل بھی لبنان کا دست و بازو تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔

شیئر: