Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خدا کے لیے سنی سنائی باتیں نہ پھیلائیں‘، فرح خان الزامات پر بول پڑیں

وزیراعظم پاکستان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان نے خود پر لگائے گئے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کی۔
فرح خان نے جمعے کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’میں اپنے اور خاندان کے افراد پر لگائے گئے تمام الزامات اور افواہوں کی مذمت کرتی ہوں۔‘
’میں سیاست میں کبھی شامل نہیں ہوئی اور نہ ہی میں کسی ایسی پوزیشن میں رہی کہ حکومتی امور میں مداخلت کر سکوں۔‘
’جن لوگوں نے میرے کردار پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی ہے وہ اپنی بہنوں کی فکر کریں۔‘
انہوں نے لکھا ’میں اور میرے شوہر پہلے ہی اپنے کاروبار کے بارے میں بیان جاری کر چکے ہیں۔ جو لوگ مجھ سے وابستہ ہیں انہوں نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔‘
’میرا خاندان اس وقت مستقل دباؤ اور پریشانی میں ہے۔ خدا کے لیے افواہیں پھیلانے اور مجھے اور میرے خاندان کو سنی سنائی باتوں سے جوڑنے سے گریز کریں۔‘
واضح رہے کہ پاکستان کی سیاست میں گذشتہ چند دنوں سے فرح خان کا ذکر ہو رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں اور اہم رہنماؤں جن میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز بھی شامل ہیں، نے فرح خان پر کرپشن کے الزام عائد کیے ہیں۔
وزیرِاعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے یہ کہا تھا کہ انہیں علم ہے کہ ان کے بارے میں اور خاص طور پر ان کی اہلیہ کی دوست فرح خان کے بارے میں آئندہ دنوں میں میڈیا میں کردارکُشی کی ایک مہم شروع کی جائے گی۔

شیئر: