Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون اول اور فرح خان پر عائد بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہوں: عثمان بزدار

خاتون اول اور فرخ خان پر کرپشن کے الزامات عائد کی گئے ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خاتون اول اور ان کی قریبی دوست فرح خان پر عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے۔
عثمان بزدار نے بدھ کو اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’علیم خان، چوہدری سرور اور دیگر اپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں اور بلا ثبوت الزام تراشی کی مذمت کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پنجاب میں تقرر اور تبادلے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے فرح خان پر کرپشن کے الزام عائد کیے ہیں۔
وزیرِاعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ’انہیں علم ہے کہ ان کے بارے میں اور خاص طور پر ان کی اہلیہ کی دوست فرح خان سے متعلق آئندہ دنوں میں میڈیا میں کردار کشی کی ایک مہم شروع کی جائے گی۔‘

فرح خان کون ہیں؟

فرح خان کا نام سب سے پہلے میڈیا پر اس وقت آیا جب وزیراعظم عمران خان کی تیسری شادی کی خبریں جنوری 2018 میں منظر عام پر آنا شروع ہوئیں۔
پاکستان کے مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ’یکم جنوری کو لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بشریٰ بی بی سے نکاح کیا ہے۔ نکاح کی یہ مختصر تقریب بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے گھر پر منعقد ہوئی۔‘
ابتدا میں تحریک انصاف کی لیڈرشپ نے ان خبروں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا تھا۔ تاہم ایک مہینے بعد تحریک انصاف نے کچھ تصاویر جاری کیں۔ شادی کی ایسی ہی ایک تصویر میں نوبیاہتا جوڑے کے پیچھے فرح خان کھڑی نظر آ رہی تھیں۔   
اس وقت ان کا تعارف بشریٰ بی بی کی قریبی دوست کے طور پر سامنے آیا۔ تاہم پاکستانی میڈیا میں فرح خان کا نام باقاعدہ طور پر اگست 2018 میں پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد تواتر سے آنا شروع ہوا۔
فرح خان ایک کاروباری شخصیت احسن جمیل گجر کی اہلیہ ہیں۔ دونوں میاں بیوی کا نام پہلی مرتبہ تحریک انصاف کی حکومت بننے کے پہلے ہی مہینے میں اس وقت سامنے آیا جب احسن جمیل گجر پر اس وقت کے ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کو تبدیل کروانے کا الزام عائد کیا گیا۔  

شیئر: