Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں چور پورا پُل ہی چوری کر کے لے گئے

چور تین دن میں 500 ٹن لوہا لے کر فرار ہوگئے (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کی ریاست بہار میں سرکاری ملازمین کا روپ دھارے کباڑیوں کے ایک گروہ نے 60 فٹ طویل لوہے کا پُل چُرا لیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس افسر سبھاش کمار نے بتایا کہ ’چور محکمہ آبپاشی کے ملازمین کے حلیے میں آئے تھے۔‘
پولیس کے مطابق چور مکمل تیاری کے ساتھ آئے تھے اور بڑی گاڑیوں کے علاوہ لوہے کو کاٹنے کے لیے بلڈوزر اور گیس کٹرز بھی لائے تھے۔
چوروں نے تین دن لگا کر تمام کارروائی مکمل کی اور 500 ٹن لوہا لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ سرکاری افسران کا روپ دھارے چوروں نے مقامی محکمے کے ملازمین سے بھی مدد لی اور دن کی روشنی میں پل کا ملبہ لے کر چلے گئے۔
انڈین اخبار ’دا پرنٹ‘ نے محکمہ آبپاسی کے انجینیئر ارشد کمال شمشی کے حوالے سے کہا کہ گاؤں والوں نے اطلاع دی تھی کہ کچھ افراد پرانے اور خستہ حال پل کو اُکھاڑ رہے ہیں۔
60 فٹ طویل اور 12 فٹ اونچا پل چور آہستہ آہستہ اُکھاڑتے رہے لیکن اچانک ایک دن اس 50 سالہ پرانے پل کے غائب ہوجانے سے گاؤں والے حیران ہو کر رہ گئے۔
لوہے کا یہ پُل سال 1972 میں ایک نہر کے  اوپر تعمیر کیا گیا تھا لیکن پانچ سال قبل اس کی جگہ ایک متبادل پل بنایا گیا جو اب عوام کے استعمال میں ہے۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم کوئی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں آئیں۔

شیئر: