شاہ سلمان کی طرف سے تیونس کو قرآن مجید کے 22 ہزار نسخوں کا تحفہ
شاہ سلمان کی طرف سے تیونس کو قرآن مجید کے 22 ہزار نسخوں کا تحفہ
ہفتہ 9 اپریل 2022 20:20
قرآن مجید کے نسخے تیونس کے وزیر مذہبی امور کے حوالے کیے گئے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تیونس میں مساجد کے لیے قرآن مجید کے 22 ہزار نسخوں کا تحفہ دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تیونس میں مملکت کے سفیر عبدالعزیز بن علی الصقر نے سنیچر کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے قرآن مجید کے نسخے تیونس کے وزیر مذہبی امور ابراہیم الشابی کے حوالے کیے ہیں۔
تیونس کے وزیر مذہبی امور نے اس موقع پر دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے لیے خدمات پر شاہ سلمان اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے تیونس کی مساجد کو ہر سال قرآن مجید کے اضافی نسخے فراہم کیے جانے پر سعودی حکومت کی مسلسل کوششوں کی ستائش بھی کی ہے۔
سعودی سفیرعبدالعزیز بن علی الصقر نے کہا کہ یہ تحفہ سعودی حکومت کی اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کی خواہش کا عکاس ہے۔ وزارت اسلامی امور کے ذریعے اس پروگرام کو نافذ کیا جا رہا ہے۔
وزارت اسلامی امور بیرون ملک سعودی سفارتخانوں کے ساتھ ہم آہنگی سے قرآن مجید کے لاکھوں نسخوں کی فراہمی اور 76 بین الاقوامی زبانوں میں اس کے ترجمے کا اہتمام کرتی ہے۔