Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سیاست میں کون سی ڈیل کامیاب ہوئی اور کون سی ناکام؟

عمران خان سے منسوب یہ بات مقامی میڈیا میں سامنے آئی تھی کہ ’نواز شریف کی نااہلی کو ختم کرنے کے راستے نکالے جا رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جلد وطن واپسی کا عندیہ، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے پرجوش بیانات اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شکوک و شبہات کے اظہار کے بعد پاکستان میں ایک بار پھر نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کسی ڈیل کی خبریں زیر گردش ہیں۔
یاد رہے کہ چند دن قبل لاہور میں ایک تقریب سے ٹیلی فونک خطاب میں نواز شریف نے شرکا سے کہا تھا کہ 'جلد پاکستان میں آپ سے ملاقات ہوگی۔'
اسی تقریب میں سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا تھا کہ وہ خود نواز شریف کو لینے لندن جائیں گے۔
اس کے بعد وزیراعظم عمران خان سے منسوب یہ بات مقامی میڈیا میں سامنے آئی تھی کہ 'نواز شریف کی نااہلی کو ختم کرنے کے راستے نکالے جا رہے ہیں۔'
اس حوالے سے حقیقت تو وقت آنے پر سامنے آجائے گی تاہم پاکستان میں ڈیلوں کی سیاست کوئی نئی بات نہیں بلکہ اس کی ایک طویل تاریخ ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سیاست پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں اور ماہرین کا کہنا تھا کہ 70 کی دہائی سے لے کر اب تک متعدد بار سیاست دانوں نے طاقتور اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کے ذریعے راستے نکالے۔

ڈیل کیا ہوتی ہے؟

سیاسی تجزیہ کار پروفیسر رسول بخش رئیس کے مطابق ڈیل کا لفظ بنیادی طور پر اس وقت استعمال ہوتا ہے جب مذاکرات کے ذریعے کسی تنازعے کو حل کیا جائے یا تناؤ کو کم کیا جائے۔
'پاکستانی سیاست میں یہ زیادہ تر منفی معنوں میں استعمال ہوتا ہے، اس کا مطلب ہے کہ جہاں قانون یا سیاسی روایات اجازت نہ دیتی ہوں وہاں کسی کے ساتھ رعایت کرنا اور بات چیت کے ذریعے اپنے کچھ مطالبات منوانا اور کچھ دوسرے فریق کے مان جانا۔'
دو عشروں سے پاکستان کے سب بڑے سیاسی ٹاک شو کے میزبان حامد میر کے مطابق ڈیل اور پاکستانی سیاست کا پرانا تعلق ہے اور وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر عمران خان تک سب سیاست دانوں نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی نہ کسی سطح کی ڈیل کی، تاکہ اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرسکیں۔
تاہم اگر تاریخ سے سبق سیکھا جائے تو ڈیل سے سیاست دانوں کو کبھی فائدہ نہیں ہوا۔

حامد میر کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر عمران خان تک سب نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

90 کی دہائی سے سیاسی امور کی رپورٹنگ کرنے والے دی نیوز کے صحافی طارق بٹ کے مطابق پاکستان کے زمینی حقائق ایسے ہیں کہ 'ڈیل سیاست دانوں کی مجبوری ہے، کیونکہ اس کے بغیر پاکستان میں اقتدار میں آنا ممکن نہیں۔'

سب سے بڑی ڈیل کون سی تھی؟

طارق بٹ اور رسول بخش رئیس کے مطابق پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل 2006-2007 میں فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف اور بے نظیر بھٹو کے درمیان ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں نیشنل ری کنسی لیشن آرڈیننس (این آر او) پر دستخط ہوئے تھے۔ جنرل پرویز مشرف کی صدارت جاری رکھنے کی شرط پر بے نظیر بھٹو اور ان کے شوہر آصف علی زرداری کے خلاف کیسز ختم کیے گئے تھے۔
تاہم حامد میر کے خیال میں ذوالفقار علی بھٹو کی جنرل یحییٰ خان کے ساتھ سنہ 1971 میں اقتدار کے لیے ڈیل تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل تھی، جس کے نتیجے میں شیخ مجیب الرحمان کے الیکشنز میں اکثریت حاصل کرنے کے باوجود ان کے بجائے ذوالفقار علی بھٹو وزیراعظم بنے اور پھر ایک سویلین یعنی ذوالفقار علی بھٹو کو صدر اور چیف مارشل لا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا تھا۔

پاکستان میں ڈیلوں کی تاریخ

حامد میر کہتے ہیں کہ سنہ 1971 میں ذوالفقار علی بھٹو اور جنرل یحییٰ خان کے درمیان ڈیل ہوئی اور بھٹو اقتدار میں آگئے، تاہم اس ڈیل کے باوجود بھی بھٹو کو آٹھ سال بعد سنہ 1979 میں پھانسی دے دی گئی۔
'ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سیاست دانوں کو یہ سبق سکھانے کے لیے کافی تھی کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔'
'لیکن اس سے ان کی صاحبزادی سمیت باقی سیاست دانوں نے سبق نہیں سیکھا اور بار بار دھوکے کھائے۔'
ان کے مطابق ’سنہ 1988 میں بے نظیر بھٹو انتخابات جیت گئیں تو اسٹیبلشمنٹ نے اقتدار دینے سے قبل ان سے ڈیل کی اور منوایا کہ ان کے وزیر خارجہ صاحبزادہ یعقوب علی خان اور وزیر خزانہ وی اے جعفری ہوں گے۔‘
’یہ دونوں صاحبان اس وقت کے صدرغلام اسحاق خان اور اسٹیبلشمنٹ کے نامزد کردہ تھے۔ اسی ڈیل میں طے ہوا کہ بے نظیر بھٹو صدر کے انتخابات میں غلام اسحاق خان کی حمایت کریں گی جبکہ تحریک بحالی جمہوریت یعنی ایم آر ڈی کی جماعتوں نے نوابزادہ نصر اللہ خان کو صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا۔‘

ماہرین کے مطابق پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل جنرل پرویز مشرف اور بے نظیر بھٹو کے درمیان ہوئی تھی (فائل فوٹو: روئٹرز)

حامد میر کہتے ہیں کہ ’اس ڈیل کے نتیجے میں غلام اسحاق خان ہی صدر بنے اور پھر انہوں نے ہی مئی 1990 میں بے نظیر بھٹو کی حکومت ختم کر دی۔ گویا اس ڈیل سے بھی بے نظیر بھٹو کو فائدہ نہ ہوا۔‘
’اس کے بعد اسی سال نواز شریف وزیراعظم بنے تو ان کی بھی اسٹیبلشمنٹ اور غلام اسحاق خان کے ساتھ لڑائی ہو گئی۔‘
ان کے مطابق ’اس پر سنہ 1993 میں بے نظیر بھٹو نے غلام اسحاق خان کو ٹریپ کیا اور امید دلائی کہ نواز شریف کی حکومت ختم ہونے پر پیپلز پارٹی ان کو ہی صدر بنائے گی تاہم اب کی بار انہوں نے ایسا نہیں کیا اور صدارتی انتخابات کا وقت آیا تو فاروق لغاری کو اپنا امیدوار بنا دیا۔‘
حامد میر بتاتے ہیں کہ ’بے نظیر نے فاروق لغاری کو اس لیے چنا تھا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کو قابل قبول ہوں گے مگر فاروق لغاری نے سنہ 1996 میں ان کی حکومت ختم کردی اور نواز شریف سے خفیہ ڈیل کرلی۔
انہوں نے بتایا کہ 'جھنگ کی سیاست دان سیدہ عابدہ حسین کی مدد سے کی جانے والی ڈیل میں طے ہوا تھا کہ فاروق لغاری بے نظیر حکومت کو ہٹائیں گے اور نواز شریف برسراقتدار آکر انہیں دوبارہ صدر بنوا دیں گے۔ اس ڈیل میں اسٹیبلشمنٹ بھی شامل تھی۔'
’اس کے بعد نواز شریف وزیراعظم بنے تو ان کی فاروق لغاری سے لڑائی ہوگئی۔ انہوں نے اپنے اس دور میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ، آرمی چیف جنرل جہانگیر کرامت اور صدر فاروق لغاری کو نکال دیا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’کچھ وقت تک تو ایسے لگا کہ وہ ناقابل شکست ہیں مگر پھر سنہ 1999 میں نواز شریف کی حکومت ایک فوجی بغاوت میں جنرل مشرف نے ہٹا دی۔ پھر بے نظیر بھٹو نے سنہ 2007 میں جنرل پرویز مشرف سے ڈیل کرلی۔‘
حامد میر کے بقول 'یہ ڈیل امریکہ اور برطانیہ نے کروائی تھی اور اس ڈیل کے مطابق بے نظیر بھٹو نے وردی اتارنے پر صدر پرویز مشرف کی حمایت کرنا تھی، جس پر ان کے سارے کیسز ختم ہونا تھے۔'
'لیکن ڈیل کے تحت بے نظیر بھٹو کو واپس نہیں آنا تھا مگر پھر بھی وہ واپس آئیں اور انہیں شہید کردیا گیا۔ گویا انہیں اس ڈیل سے بھی کوئی فائدہ نہ ہوا۔‘

ماہرین کا کہنا ہے کہ ’نواز شریف بھی پرویز مشرف سے ڈیل کر کے جیل سے بیرون ملک چلے گئے تھے‘ (فائل فوٹو: اے پی)

حامد میر کے مطابق ’نواز شریف نے بھی دو تین مرتبہ ڈیل کی مگر 'انہیں بھی نکال دیا گیا۔'
رسول بخش رئیس کا کہنا تھا کہ ’سنہ 1988 میں بے نظیر بھٹو اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان طے ہوا تھا کہ خارجہ پالیسی خصوصاً افغانستان پر مشاورت کرنی ہے اور جنرل ضیا الحق کے خاندان کو کچھ نہیں کہنا۔‘
'مگر وہ ایسی ڈیل نہ تھی، اصل ڈیل وہ تھی جب پرویز مشرف نے انہیں این آر او دیا تھا۔ جب وکلا تحریک کی وجہ سے مشرف کمزور ہو چکا تھا تو وہ بے نظیر بھٹو کے سامنے گھٹنے ٹیک گیا اور ہر بات مان گیا۔'
رسول بخش رئیس کے مطابق 'دوسری طرف بے نظیر بھٹو ہر صورت میں اپنے خلاف کیسز کا خاتمہ چاہتی تھیں اور پھر امریکی اور برطانوی سفارت کاروں کا دباو بھی تھا اس لیے ڈیل ہوگئی۔'
ان کے مطابق امریکہ اور برطانیہ اس لیے مشرف اور بے نظیر کی صلح چاہتے تھے کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ 'ان دونوں روشن خیال رہنماں کی وجہ سے افغان جنگ میں پاکستان انہیں فائدہ پہنچائے گا۔'
ڈاکٹر رسول بخش رئیس کے مطابق ’نواز شریف بھی مشرف سے ڈیل کر کے جیل سے بیرون ملک گئے تھے۔‘
اس کے علاوہ جب غلام اسحاق خان اور نواز شریف کی 90 کی دہائی میں لڑائی حد سے بڑھی تو بھی اس وقت کے آرمی چیف جنرل عبدالوحید کاکڑ نے ڈیل کروائی تھی کہ دونوں استعفیٰ دیں اور تازہ الیکشنز ہوں۔‘

ڈیل کی روایت کیسے ختم ہو سکتی ہے؟

اس حوالے سے پروفیسر رسول بخش رئیس نے کہا کہ ’جب سسٹم بریک ڈاؤن کر جائے تو پھر ڈیل ناگزیر ہو جاتی ہے۔ یہ اس بات کا اظہار ہے کہ سیاسی پلیئرز میں دشمنی اتنی بڑھ گئی ہے کہ تیسرے فریق کو مداخلت کرنا پڑ رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر اپوزیشن اور حکومت دونوں قواعد کے تحت چلیں تو پھر پھر بیرونی مداخلت کا امکان نہیں رہتا مگر سیاست دان آپس میں معاملات طے نہیں کر پاتے۔‘

حامد میر کے مطابق نواز شریف نے بھی دو تین مرتبہ ڈیل کی مگر ’انہیں بھی نکال دیا گیا‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)

رسول بخش رئیس کا مزید کہنا تھا کہ 'عمران خان کے حالیہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اندرون خانہ کچھ ہو رہا ہے اور وزیراعظم یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اس سے خوش نہیں ہیں اور وہ مزاحمت کریں گے تو اس کا نتیجہ کیا نکلے گا وہ اگلے ایک دو ماہ میں سامنے آجائے گا۔'
طارق بٹ کے مطابق ’پاکستان میں سیاست دانوں کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوتا ہے کیونکہ اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں کیونکہ طاقت اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہوتی ہے۔‘
جبکہ حامد میر کہتے ہیں کہ ’سیاست دانوں کو سبق سیکھتے ہوئے اب طے کرنا چاہیے کہ خفیہ ڈیل نہیں کرنی بلکہ تمام بات چیت میڈیا اور عوام کے سامنے کریں اس طرح انہیں مستقبل میں دھوکہ نہیں ملے گا۔‘

شیئر: