سعودی عرب کے تاریخی مقامات میں ایک کنگ عبدالعزیز محل ، المویہ طائف
سعودی عرب کے تاریخی مقامات میں ایک کنگ عبدالعزیز محل ، المویہ طائف
پیر 11 اپریل 2022 14:31
المویہ محل طائف سے مشرق میں تقریباً 185 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ فوٹو واس
طائف میں المویہ گورنریٹ میں شاہ عبدالعزیز محل ایک فن تعمیر کا شاہکار ہے جو سعودی عرب کی سب سے مشہور تاریخی یادگاروں میں سے ایک ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ محل 20 ویں صدی کے وسط میں تعمیر کیا گیا۔ اس محل میں منفرد انداز کے اسلامی فن تعمیر کی جھلک نظر آتی ہے۔
جدید سعودی عرب کی ریاست کے بانی شاہ عبدالعزیز نے تقریبا 85 سال قبل اس علاقے میں آمدورفت کے دوران محل میں اکثراوقات قیام کیا ہے۔
یہ محل شاہ عبدالعزیز آل سعود کے لیے اہم مقامات میں سے ایک کے طور پر جانا جاتا ہے جب وہ حج یا عمرہ اور موسم گرما کے لیے اس علاقے کا سفر کرتے تھے۔
شاہ عبدالعزیز آل سعود اس علاقے کے اپنے سالانہ دورے کے دوران علاقے کے باشندوں سے اسی محل میں ملاقاتیں بھی کرتے تھے۔
اس محل کے قرب و جوار میں واقع مختلف دیہات کے درمیان یہ ایک مرکزی مقام ہے اور المویہ القدیم اور المویہ جدید کے درمیان حج کے لیے مخصوص راستہ اس علاقے کی خصوصی حیثیت ہے۔
المویہ محل طائف سے مشرق میں تقریباً 185 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جو 14900 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے۔
اس محل کے ارد گرد ساڑھے چار میٹر اونچی اور ایک میٹر چوڑی سیاہ پتھروں کی دیوار انتہائی نفاست سے بنائی گئی ہے۔
اس علاقے میں محل کی تعمیر نے علاقے کو منفرد شناخت دی ہے۔ حفاظتی نقطہ نظرکے طور پر محل کے گرد کئی واچ ٹاورز اسے محفوظ بناتے ہیں۔
یہاں پر آنے والے مہمانوں کے استقبال کے لیے شاہی مہمان خانہ اور ان کے پروٹوکول کی مناسبت سے خصوصی ہال قائم ہیں اس کے ساتھ ساتھ اہم شخصیات اور سرکاری وفود سے ملاقات کے کمرے بھی موجود ہیں۔
شمال کی جانب مرکزی دروازے کے ساتھ اس محل کے دو داخلی دروازے ہیں۔
یہاں پر موجود ایک مسجد کے علاوہ پانی کی فراہمی کے لیے دو کنوؤں بھی بنائے گئے اس کے علاوہ قریب ہی پٹرول سٹیشن بھی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں