عالیہ اور رنبیر کی شادی: مہندی سے رشی کپور کا نام
جمعرات 14 اپریل 2022 10:28
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی ممبئی میں ہورہی ہے۔ (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی آج جمعرات کو ممبئی میں ہو رہی ہے لیکن اس تقریب میں صرف 40-50 مہمانوں کومدعو کیا گیا ہے۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس شادی میں صرف عالیہ اور رنبیر کے خاندان کے افراد اور قریبی دوست شریک ہوں گے۔
جہاں انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پیلٹ فارمز اس شادی سے متعلق خبروں، تصاویر اور افواہوں سے بھرے پڑے ہیں وہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ رنبیر کپور کی والدہ بیٹے کی شادی پر اپنے آنجہانی شوہر رشی کپور کو شدت سے یاد کر رہی ہیں۔
رنبیر کپور انڈیا سٹارز نیتو سنگھ اور رشی کپور کے بیٹے ہیں۔ نیتو سنگھ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر مہندی والے ہاتھ کی تصویر لگائی جس میں ان کے شوہر رشی کپور کا نام واضح نظر آرہا ہے۔
خیال رہے رشی کپور دو سال پہلے 2020 میں اپریل کے مہینے میں ہی انتقال کرگئے تھے۔
نیتو کپور کی انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کی گئی ایک اور تصویر سے پتا چلتا ہے کہ اس شادی کی تقریب میں رنبیر کپور کے دیگر رشتہ دار بالخصوص ان کی کزن کرشمہ کپور بھی رنگ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
نیتو سنگھ کی جانب سے شیئر کی گئی انسٹاگرام سٹوری میں ان کے ساتھ کرشمہ کپور سمیت پانچ افراد کو دیکھا جاسکتا ہے اور گروپ کو نیو سنگھ نے ’ڈانس سکواڈ‘ کا نام دیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ تقریب ممبئی کے واستو اپارٹمنٹ میں منعقد ہو رہی ہے جہاں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے الگ الگ فلیٹ ہیں۔