Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کا ساتواں سالانہ پروگرام

ڈاکٹر عمر جاوید کی خصوصی شرکت، طلبہ کے درمیان مقابلہ، انعامات تقسیم

کویت سٹی(محمد عرفان شفیق)پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کمیونٹی کی واحد اور منفرد تنظیم ہے جو کویت میں موجودافراد کو روزگار کی تلاش میں معاونت اور بہترین روزگار کی تلاش میں اہم کردارادا کر رہی ہے ۔ انسانیت کی بے لوث خدمت کا یہ جذبہ گزشتہ7 برسوں سے رواں دواں ہے۔ گزشتہ دنوں پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی انتظامیہ نے 7 برس مکمل ہونے پر ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا جس میں مقامی ا سکولوں کے طالبعلموں نے ملی نغمے، ٹیبلو، مقامی گلوکاروں نے وطن کی محبت کے جذبات سے بھرپور ملی نغمے اور شعراء کرام نے اپنا کلام پیش کیا۔پروگرام کے مہمان خصوصی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید تھے جنھوں نے بچوں کی کارکردگی کو خوب سراہاجبکہ پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم کی تلاوت سے ہوا جسکی سعادت محمدالرشید نے حاصل کی جسکے بعد حضور سرور کونین ہدیہ نعت محمد علی حسن نے پیش کیا۔اسکے بعد کویت اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔میزبانی کے فرائض پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے وقاص احمد اور مس نادیہ محمد ارشد نے بخوبی انجام دیے۔اس پروگرام کی خاص بات اسکول کے طلبہ کے مابین مقابلہ اور سوشل میڈیا کے اثرات کے موضوع پر تقاریر تھیں۔منصفین کے فرائض کویت میں اردو ادب کے حوالے سے معروف شخصیات انجینئر شمیم مظفر اور مسز یاسمین مظفر نے انجام دیے۔ تقاریر کے مقابلے میں نبیہہ طاہر، تسبیحہ جاوید،محمد علی حسن، ایمان نعیم اورمہرش ندیم جبکہ فن پاروںکے مقابلے میں ایشا عرفان، جمشید احمد،المیرہ احمد، صفا ارشد،نور اشتیاق، افنان افضل نے حصہ لیا۔پروگرام کا پہلا ٹیبلو پاکستان ایکسل اسکول کی جانب سے ملی نغمے’’ میرے وطن یہ عقیدتیں اور پیار تجھ پہ نثار کر دوں‘‘ جبکہ دوسرا ٹیبلوانٹرنیشنل اسکول خیطان کی جانب سے کویت میں مقیم نوجوان شاعر کاشف کمال کے لکھے ہوئے ملی نغمے’’اے میرے وطن‘‘پر پیش کیا گیا۔یہ ملی نغمہ پاکستان میں تمام چینلز کی زینت بن چکا ہے۔پاکستان اسکول منقف کے طالبعلم عبدالعزیز اور انٹرنیشنل اسکول آف پاکستان کے طالبعلم محمد علی حسن نے ملی نغمہ پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ کویت میں مقیم نوجوان شاعر سید صداقت ترمذی نے حب الوطنی کے موضوع پر اپنا سحر انگیز کلام پیش کیا۔ پروگرام کے اگلے حصے میں پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ خلیل احمد نے تنظیم کی 7 سالہ کارکردگی پر مفصل روشنی ڈالی اور کارکردگی کا جائزہ پیش کیا۔ نائب صدر پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت انور علی نے تنظیم کے مختلف شعبوں کے حوالے سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ اسکے بعدتنظیم کے بانی و صدر محمد عرفان عادل نے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور تمام حاضرین کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔انھوں سے مہمان خصوصی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید کوا سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ ڈاکٹر عمر جاویدنے تنظیم کی کارکردگی کو سراہا اور تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ کویت میں اس انداز سے پاکستانی کمیونٹی کی خدمت ایک صدقہ جاریہ ہے اور یہ تصور اپنے تئیں ایک خوش آئند قدم ہے۔ انھوں نے تقریب میں موجود طلبہ، اساتذہ کرام، پرنسپل حضرات کی کاوشوں کو سراہاجنھوں نے شب و روز محنت کی اور اپنے اسکول کا نام روشن کیا۔انھوں نے پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی ٹیم اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کی تعریف کی جنکی شبانہ روز محنت سے ایک کامیاب پروگرام کا انعقاد ممکن ہوا۔ کویت میں مقیم معروف نوجوان شاعر کاشف کمال کو انکی ملی نغمہ کی شاعری کے اعتراف میں ایچومنٹ ایوارڈ 2017دیا گیا۔ اسکے بعد زاگرمیوزکل گروپ کے چیئرمین زاگرا نور نے ملی نغمہ دل دل پاکستان اور اس پرچم کے سائے تلے پیش کیا۔ اس موقع پر پورا ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، حاضرین سبز ہلالی پرچم لہراتے رہے۔ تقریب کے آخر میں مقابلوںمیں نمایا ں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں اسناد اور شیلڈ تقسیم کی گئیں۔تقریری مقابلے میں انٹرنیشنل اسکول آف پاکستان خیطان کے محمد علی حسن نے پہلی، نیو پاکستان انٹرنیشنل اسکول حولی کی ایمان نعیم نے دوسری جبکہ تسبیحہ جاوید پاکستان اسکول منقف نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ فن پاروں کےمقابلے میں پاکستان اسکول منقف کی صفا ارشد نے پہلی،پاکستان ایکسل اسکول کی ایشا عرفان نے دوسری جبکہ پاکستان ا سکول سالمیہ کی افنان افضل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر پروگرام کے ججز انجینئر شمیم مظفر اور مسز یاسمین مظفر نے طلبہ کی دل کھول کر تعریف کی اور پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی اس کاوش کو سراہا، جس نے طلبہ کے لیے اتنے اچھے پروگرام کا انعقاد کیا۔ انھوں نے پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی کمیونٹی کے لیے خدمات اور روزگار میں معاونت کرنے پر پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کے ساتھ ہوا۔آخرمیں میڈیا نمائندگان میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔
 
 

شیئر: