Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو برطرف کر دیا

پی ٹی آئی کی حکومت نے تین اپریل کو چوہدری محمد سرور نے عمر سرفراز چیمہ کو پنجاب کا گورنر مقرر کیا تھا۔ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق جلدی ہی نئے گورنر پنجاب کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔ 
اتوار کو مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ 
پی ٹی آئی کی حکومت نے تین اپریل کو چوہدری محمد سرور کو برطرف کر کے عمر سرفراز چیمہ کو پنجاب کا گورنر مقرر کیا تھا۔
خیال رہے کہ آئین کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے صدر کو بھیجی گئی سمری پر صدر دستخط کرنے کے پابند ہیں۔ اس لیے اگر صدر فوری طور پر اس سمری پر دستخط نہیں بھی کرتے تو بھی گورنر کو فارغ ہی سمجھ جائے گا۔ 
گورنر پنجاب نے نو منتخب وزیراعلٰی پنجاب سے حلف لینا تھا لیکن ان کی جانب سے واضح طور پر حلف لینے یا نہ لینے کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی نے گورنر پنجاب کو عہدے سے برطرف کرنے کی تردید کی ہے۔

سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو وزارت اعلٰی کے امیدوار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی شکایت پر وزیراعظم عمران خان نے برطرف کیا تھا۔ 
پرویز الٰہی نے الزام عاید کیا تھا کہ گورنر پنجاب ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے۔ 
نئے گورنر پنجاب کی تعیناتی جلد ہی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کا عہدہ بھی پیپلز پارٹی کو ہی دیے جانے کا امکان ہے اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود ایک مرتبہ پھر اس عہدے کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ 
مخدوم احمد محمود پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ہیں اور وہ شہباز شریف کے بھی قریبی دوست ہیں۔ 

’نوٹیفیکیشن آنے تک گورنر رہوں گا‘

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ جب تک صدر کا نوٹیفیکیشن موصول نہیں ہوتا، گورنر کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ’پنجاب اسمبلی میں جو ہوا وہ شرمناک ہے، حمزہ شہباز کا انتخاب متنازع ہے۔‘

عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ مخالفین کو غنڈہ گردی کے ذریعے بھگا دینا الیکشن نہیں ہے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)

عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ ’کل ہونے والا الیکشن متنازع ہے، معزز اراکین پر تشدد ہوا۔‘
ان کے مطابق ’مخالفین کو غنڈہ گردی کے ذریعے بھگا دینا الیکشن نہیں ہے۔
عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ اگر حمزہ شہباز کے پاس ووٹ پورے تھے تو پھر الیکشن کو متنازع بنانے کا مقصد کیا تھا۔
عمر سرفراز چیمہ نے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کو ’لوٹا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سازش کے تحت اقتدار پر قبضہ کیا گیا۔

شیئر: