Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈسٹری میں کامیابی پانی کے اندر سانس روکنے جیسی‘

سونو سُود نے کہا کہ انہیں فلم انڈسٹری میں کئی دفعہ رد کیا گیا (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
انڈین اداکار سونو سُود نے کہا ہے کہ فلمی صنعت میں رہنے کے لیے آگاہی کی ضرورت ہوتی ہے جو کئی مرتبہ رد کیے جانے اور لمبے انتظار کے بعد حاصل ہوتی ہے۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق پنجاب میں پیدا ہونے والے اس اداکار نے 2002 میں پہلی فلم میں کام کیا اور پھر انہیں ’یوا‘، ’عاشق بنایا آپ نے‘ اور ’جودھا اکبر‘ جیسی فلموں میں نوٹس کیا گیا۔
اس کے بعد کامیڈی فلم ’سنگھ از کنگ‘، دبنگ اور ’ہیپی نیو ایئر‘ جیسی فلموں سے مزید شہرت حاصل ہوئی۔
سونو سُود نے شوبز انڈسٹری میں کامیابی کے لیے انتظار کو ’پانی کے اندر سانس روکنے‘ سے تشبیہ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جب آپ اداکار بننا چاہتے ہیں اور ممبئی آتے ہیں تو آپ کو فیل ہونے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انتظار کی کوئی حد نہیں ہے اور یہ بہت تکلیف دہ ہے۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب آپ کو ان چیلنجز کا سامنا کرنا چاہیے۔ آپ کو تحمل مزاجی سے اپنی باری کا انتظار کرنا چاہیے۔‘
سونو سُود نے کہا کہ وہ کئی دفعہ رد کیے گئے اور انہیں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
’میں نے انتظار کیا اور خود کو مضبوط رکھا۔ انڈسٹری میں کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ پانی کے اندر کتنی دیر تک سانس روک سکتے ہیں۔ میں کئی برس اپنا سانس روکے رکھا۔ شاید اب وقت آگیا ہے کہ میں اوپر آؤں اور کہوں کہ میں زندہ ہوں۔‘
سونو سُود ان دنوں ایک مقبول ٹی وی شو ’ایم ٹی وی روڈیز‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی بہت کام کیا۔
’میں نے جو کچھ گزشتہ دو برس میں سیکھا وہ 18 برس میں نہیں سیکھ سکا۔ میرے خیال میں ایک سو کروڑ یا دو سو کروڑ روپے کمانا بڑا کام تھا، لیکن اب یہ چیزیں مجھے چھوٹی لگتی ہیں۔‘
سونو سُود، یش راج فلمز، کے تاریخ پر منبی ڈرامہ ’پرتھوی راج‘ میں اداکاری کریں گے جس میں مرکزی کردار اکشے کمار کا ہوگا۔

شیئر: