مسجد الحرام میں 15 رمضان تک 12 ملین لٹر آب زمزم کا استعمال
مسجد الحرام میں 15 رمضان تک 12 ملین لٹر آب زمزم کا استعمال
پیر 18 اپریل 2022 5:31
زمزم کی 40 لاکھ بوتلیں بھی تقسیم کی گئی ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ 15 رمضان تک مسجد الحرام میں زائرین نے 12 ملین لٹر سے زیادہ آب زمزم استعمال کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ کے ماتحت آب زمزم کے ادارے کے انچارج عبدالرحمن الزھرانی نے بتایا کہ ’مسجد الحرام میں روزے داروں کے لیے 12 ملین لٹر آب زمزم مہیا کیا گیا ہے۔‘
’25 ہزار زمزم کولرز فراہم کیے گئے جن میں سے ہر ایک میں 40 لٹر پانی کی گنجائش تھی۔ زمزم کولرز مسجد الحرام کے صحنوں اورمصلوں پر رکھے گئے۔علاوہ آب زمزم کی 40 لاکھ بوتلیں تقسیم کی گئی ہیں۔‘
عبدالرحمن الزھرانی کا کہنا ہے کہ ’رمضان کے دوران آب زمزم کا انتظام حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ہدایت پر کیا گیا۔ ان کے سیکریٹری محمد الجابری آب زمزم کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔‘