Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن شہری کی ہلاکت: 6 ملزمان کو سزائے موت اور 9 کو عمر قید

انسداد دہشت گردی عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پرانتھا کمار کو جلانے اور قتل کے کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔  
پیر کی شام کو سنائے گئے فیصلے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے چھ مجرمان کو سزائے موت اور نو کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
لاہور میں اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق فیصلہ انسداد دہشتگری عدالت گوجرانوالہ کی جج نتاشہ نسیم نے کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔ 
ایک مجرم کو پانچ سال قید جب کہ 72 مجرمان کو دو دو سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ 
عدالت نے ایک ملزم کو کیس میں بری بھی کر دیا ہے۔ 
خیال رہے ملزمان پر فرد جرم 12 مارچ کو عائد کی گئی تھی۔ عدالت نے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایک ماہ میں ٹرائل مکمل کیا۔
سینیئر سپیشل پراسکیوٹر عبدالرؤف وٹو کی سربراہی میں پانچ رکنی پراسکیوشن ٹیم نے ٹرائل مکمل کرایا۔  پراسکیوشن نے 46 چشم دید گواہوں کو چالان کا حصہ بنایا۔
پولیس نے10 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کو بھی چالان کا حصہ بنایا تھا۔ پانچ ملزمان کے موبائل فون سے ملنے والی ویڈیوز کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
پراسکیوشن نے 89 ملزمان کے خلاف چالان جمع کروایا۔ چالان کے مطابق 80 ملزمان بالغ اور 9 نابالغ ہیں. 
خیال رہے گزشتہ سال دسمبر میں سیالکوٹ کے وزیرآباد روڈ پر ایک نجی فیکٹری کے ورکرز نے توہین مذہب کے الزام میں فیکٹری کے سری لنکن مینیجر کو تشدد کرکے قتل کیا اور اس کی لاش کو آگ لگا دی تھی۔

شیئر: