سعودی نیشنل میوزیم میں رمضان کی مناسبت سے ثقافتی پروگرام
سعودی نیشنل میوزیم میں رمضان کی مناسبت سے ثقافتی پروگرام
بدھ 20 اپریل 2022 15:33
دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری پرانی روایات اب بھی موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی نیشنل میوزیم میں رمضان المبارک کی مناسبت سے تین روایتی پروگرام مرتب کیے گئے ، ایسے ثقافتی پروگرام یہاں پرآنے والوں کے لیے سال بھر منفرد اور مخصوص انداز میں پیش کئے جاتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق رمضان کے دوران خصوصی طور پر جو پروگرام پیش کئے گئے ان میں کرافٹ اینڈ ہیریٹیج، رمضان نائٹس اور رمضان مارکیٹ کے مناظر شامل تھے۔
کرافٹ اینڈ ہیریٹیج پروگرام میں ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں دستکاری کی تاریخ اور موجودگی کے بارے میں مختلف ہنر کے بارے میں وضاحت کی گئی۔
دوسرے نمبر پر رمضان نائٹس ایک باہمی ثقافتی پروگرام تھا جسے دیکھنے کے لیے آنے والوں کے لیے مملکت کی تاریخ کے بارے میں جاننے کے لیے نیشنل میوزیم کے مختلف ہالز میں اہتمام کیا گیا ۔
میوزیم میں سعودی ثقافتی اور روایتی دھنوں کے ساتھ ایک بینڈ بھی آنے والوں کی دلچسپی کے لیے موجود تھا جسے سن کر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم بچپن میں یہ دھنیں سنا کرتے تھے۔
یہاں موجود ایک خاتون فاتن العودیلی کا کہنا تھا کہ یہاں روایتی لباس میں ملبوس بچوں کی جانب سے مٹھائیوں اور میوہ جات کی تقسیم کا روایتی تہوار جسے مقامی طور پر 'قرقیعان' کہا جاتا ہے بھی بہت مقبول ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم ہمیشہ اپنے بچوں کے ساتھ مل کر یہ تہوار خاص طور پر مناتے ہیں اور اس کے لیے قدیم مارکیٹوں سے بچوں کے لیے روایتی پھولوں والے کپڑے بھی خریدتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تہوار ریاض کی روایت کا حصہ ہے رمضان کے دوران بچوں کو اکٹھا کر کے تحائف دیئے جاتے ہیں جس سے ان میں روزہ رکھنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے اور وہ پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
تیسرے نمبر پر رمضان مارکیٹ پروگرام میں سوشل ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے خاندانوں کی کفالت کے لیے رمضان کے حوالے سے مختلف مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اوراسی مناسبت سے کپڑے پیش کیے گئے۔
یہاں پر ایک ایونٹ آرگنائزر نے بتایا کہ یہ ایک خوبصورت تہوار ہے جو رمضان کے وسط میں ہوتا ہے اور بچوں کے لیے تفریحی لمحات کے ساتھ خاندانی اجتماعات کا باعث بنتا ہے۔
یہاں پرایک سٹال پر موجود خاتون بدریہ العطلہ اپنے ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات، کھجور کے پتوں سے تیار کردہ روایتی ٹرے اور دیگر گھریلو سجاوٹ کے ساتھ مختلف سجاوٹی اشیا کے ساتھ تقریب میں شریک تھیں۔
بدریہ نے بتایا کہ یہ روایتی تہوار ہمیں تب سے یاد ہے جب سلائی مشینوں کا زمانہ تھا اور ہماری مائیں بچوں کے لیے پھول دار کپڑے سے روایتی لباس گھروں پر ہی تیار کرتی تھیں۔
یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری پرانی روایات اب بھی موجود ہیں اور جس میں ہم اپنے ہاتھوں پر مہندی بھی لگاتی تھیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں