Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مدینہ میں ' قبا فرنٹ' جہاں رمضان کا خاص ماحول نظر آتا ہے

آپ یہاں تشریف لائیں تو آپ کو ہمیشہ کچھ مختلف نظر آئے گا ۔(فوٹو عرب نیوز)
مدینہ منورہ میں پیدل چلنےوالوں کے لیے ایک خاص راستہ  بنایا گیا ہے جو مسجد نبوی اور مسجد قبا کو آپس میں ملاتا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق رمضان کے مہینے میں اس راستے کی خصوصیت اس لحاظ سے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہاں کئی خاندان اکٹھے ہو کر رمضان کے ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
گذشتہ سال سے پھیلے کورونا وائرس کے باعث مملکت بھر میں بسنے والے انتہائی محدود پیمانے پر عوامی اجتماعات میں خاندان سمیت شامل ہورہے ہیں۔
مدینہ منورہ میں 'قبا فرنٹ' کے نام سے سجایا گیا یہ مقام  یہاں رہنے والوں کے لئےاس رمضان میں کچھ خاص ہے۔
تین کلو میٹر طویل اس پیدل راستے کو خاندان سمیت آنے والوں کے لیے اس رمضان میں خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔
اس جگہ پر اشیائے خوردونوش کے ٹرک کھڑے کرنے کے علاوہ مخصوص اوقات کے لیے شاپنگ سٹورز بنائے گئے ہیں۔ قبا فرنٹ کا یہ علاقہ رمضان کے حوالے سے رنگین اور دیدہ زیب قمقموں سے سجا ہے جہاں لوگوں کے بیٹھے کے لیے جگہ مختص ہے۔
احمد سادات، نائیس کے چیف ایگزیکٹو افسر ہیں انہوں نے اس کی سجاوٹ میں خاص طور پر حصہ لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سے یہ علاقہ عوام کے لیے کھولا گیا ہے ہزاروں افراد نے یہاں کا وزٹ کیا ہے۔
انہوں نے  بتایا کہ اس جگہ پر بہت سے خاندان اپنے گھروں سے مخصوص اشیا تیار کر کے لے آتے ہیں۔ یہاں 120 سے زیادہ خاندانوں کو ان اشیا کی فروخت کے لیے جگہ فراہم کی گئی ہے۔
احمد سادات نے 'قبا فرنٹ' کے بارے میں عرب نیوز کو  مزید بتایا  کہ اس میں خاص بات یہ ہے کہ جب آپ یہاں تشریف لائیں تو آپ کو ہمیشہ کچھ مختلف نظر آئے گا کیونکہ یہ ایک ترقیاتی منصوبہ ہے۔
یہاں موجود ایک خاتون گالا المطلق نے بتایا کہ وہ یہاں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بھی اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ علاقہ کیوں اتنا خاص ہے۔
المطلق نے بتایا  کہ میں یہاں تین ماہ سے کام کر رہی ہوں اور یہ تین مہینے میری زندگی کے بہترین ایام تھے۔
 ہم زائرین کو یہاں خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ اس دوستانہ ماحول کی حوصلہ افزائی کریں اور خوشی خوشی یہاں سے رخصت ہوں۔
اس علاقے کی تیاری میں کئی پہلو مد نظررکھے گئے ہیں اوریہاں پر ہرعمر کے افراد کے لیے کچھ خاص ضرور ہے جو انہیں لطف اندوز کرتا ہے۔

یہاں کئی خاندان اکٹھے ہو کر رمضان کے ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)

یہاں موجود ایک اور خاتون نفیسہ نافع نے حکومتی کوششوں کو سراہا ہے کہ یہاں پر فیملیز کے لیے ایک منظم اور خوبصورت ماحول فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا  کہ یہاں یہ ماحول فراہم کرنے کے لیے کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس سے قبل ٹریفک کے باعث ہم لوگ اس علاقے سے کم گذرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب جب یہ بدل چکا ہے تو میں مدینہ منورہ اور شہر سے باہر سے آنے والوں کو اس جگہ آنے کی دعوت دیتی ہوں۔ یہاں مخصوص قسم کے تفریح کے ساتھ اعلی معیار کے کیفے اور ریستوران بھی بنائے گئے ہیں۔
مقامی شہری27 سالہ عبدالمجید الحربی کا کہنا ہے کہ وہ بہت خوش ہیں کہ یہاں پر رمضان کے ماحول واپس آ گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال ہم  کورونا وبا کے باعث اس خصوصی ماحول سے محروم تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ہفتے یہاں آتا ہوں، یہاں کی مختلف قسم کی دکانوں، کیفوں اور سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔

علاقے کی خوبصورتی کو نکھارنے اور تیاری میں کئی پہلو مد نظررکھے گئے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)

جدہ  کی طالبہ ریمان بکر جو مدینہ کے اس علاقے میں موجود تھیں انہوں نے کہا  کہ رمضان ان کا پسندیدہ مہینہ ہے۔
خاص طور پر اس مقدس شہر میں تمام روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بہت ہی اچھا لگتا ہے۔
اس رمضان کی خاص اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ہم نماز کی آواز سن کر مسجد نبوی جا رہے ہیں اور ہمیں وہاں تراویح پڑھنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔
بالآخر ہم رمضان کی حقیقی خوشی حاصل کر رہے ہیں، ہم رشتہ داروں سے مل سکتے ہیں اور اپنی روایات پر دوبارہ عمل کر سکتے ہیں۔ ہم ہر سال رمضان کے لیےسب سے زیادہ منتظر رہتے ہیں۔
 

شیئر: