نئی دہلی ...پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش خطے کے لئے تباہ کن ہو گی ۔ نئی دہلی میں سینٹر فار پیس اینڈ پروگریس کے زیر اہتمام پروگرام میں قصوری نے کہا کہ نئی دہلی کو سوچنا چاہیے کہ امریکہ اور روس کے عزائم کے پیش نظر پاکستان کو تنہا کرنے کی کوئی بھی کوشش نئی صف بندیاں سامنے لاسکتی ہے۔ پاکستان کو جغرافیائی اور سیاسی طور پر تنہا نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ پاکستان اور ہند اس ادراک سے بھی کام لیں کہ اب ان کے لئے صرف امریکہ اور روس ہی نیوکلیائی طاقت نہیں بلکہ دونوں خود بھی اسی صف میں ہیں اور از خود قائدانہ رول ادا کر سکتے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر منی شنکر ایئر نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ دونوں ہمسایوں نے مسئلہ کشمیر تو باہمی بنا لیا مگر داخلی سطح پر ایک دوسرے کے لئے آگے نہ بڑھ سکے۔سرینگر پارلیمانی حلقے میں جس طرح نوبت 7فی صد پولنگ تک پہنچی ہے وہ تشویشناک ہے۔یہ سلسلہ دراز ہوا تو پورے ایشیا کے لئے تباہ کن ہو گا۔ دونوں ہمسائے بات چیت کریں، اسے مشروط نہ بنائے رکھیں۔