Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی وزیراعظم سرکاری دورے پر انڈیا پہنچ گئے، سابرمتی آشرم پر حاضری

بورس جانسن جمعے کو نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ فوٹو: اے ایف پی
برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن سرکاری دورے پر انڈیا پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزیراعظم نریندر مودی اور دیگرعہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بورس جانسن جمعرات کو نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات پہنچے ہیں جبکہ جمعے کو دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔
گجرات میں وہ کاروباری شخصیات سے ملاقات کے علاوہ احمدآباد شہر کے تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے۔
انڈیا پہنچتے ہی بورس جانسن نے گجرات میں مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ سابرمتی آشرم پر حاضری دی۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں مقیم انڈین شہریوں میں سے زیادہ تر کا تعلق گجرات سے ہے۔ 
برطانوی وزیراعظم کے دفتر ڈاؤننگ سٹریٹ کے مطابق دورہ انڈیا کے دوران ایک ارب پاؤنڈ سے زائد مالیت کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے جن سے برطانیہ میں 11 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔
انڈیا روانہ ہونے سے پہلے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ دورے سے سٹریٹیجک، تجارتی، دفاعی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات گہرے ہوں گے۔
ڈاؤننگ سٹریٹ کے مطابق دورہ انڈیا کے دوران دفاع، مصنوعی انٹیلی جنس اور گرین توانائی کے شعبوں میں نئی شراکت داریاں متوقع ہیں جبکہ روبوٹکس، الیکٹرک گاڑیوں اور سیٹ لائٹ کی لانچ کے لیے بھی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

وزیراعظم بورس جانسن نے گجرات میں فیکٹری کا دورہ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

بورس جانسن نے ایک بیان میں کہا کہ انڈیا کے ساتھ پاور پلانٹ میں شراکت داری سے نوکریاں پیدا ہوئیں اور لوگوں کی ترقی کے بھی مواقع پیدا ہوئے۔
دوسری جانب انڈیا نے روس کے یوکرین پر حملے کی واضح الفاظ میں مذمت کرنے سے انکار کیا ہے۔ 
خیال رہے کہ انڈیا ایندھن اور فوجی ساز و سامان روس سے درآمد کرتا ہے۔
اس سے قبل برطانوی سیکرٹری خارجہ نے گزشتہ ماہ انڈیا کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے روس کے خلاف اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم انہیں میزبان حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں مل سکا تھا۔

شیئر: