پاکستانی گلوکاروں کے انداز میں گانے والا سعودی
پاکستانی لباس پہن کرغنائی ٹیم کے ساتھ فن کا مظاہرہ کیا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی غنائی ٹیم کی نقل پر مشتمل سعودی فن کار حبیب الحبیب کا وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
مقامی صارفین وڈیو میں خصوصی دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔ پاکستانی شہریوں میں بھی اس وڈیو کو پذیرائی مل رہی ہے۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق سعودی فن کار حبیب الحبیب نے ایم بی سی ون چینل کے معروف پروگرام ’سٹوڈیو 22‘ میں پاکستانی لباس پہن کر وہاں کی غنائی ٹیم کی بھرپور نقالی کی۔
اس موقع پر ایک گانا بھی گایا جس کے بول تھے ’قولی احبک‘ (کہو مجھے تم سے محبت ہے) الحبیب نے اس گانے پر جو رقص پیش کیا، اس کا انداز پاکستانی رقص سے ملتا جلتا ہے۔
الحبیب نے اسٹیج پر گانا گایا جس کے بول کی شروعات کچھ اس طرح تھی ’قولی احبک کی تزید غباوتی‘ (کہو مجھے تم سے پیار ہے تاکہ میری بے وقوفی بڑھ جائے)۔
الحبیب نے گانا گانے کے بعد ایک دلچسپ بات یہ کہی کہ لبنان کے معروف شاعر نزار قبانی نے میرے گانے کے بول چوری کرلیے اور کاظم الساھر نے میرا گانا سلام چوری کرلیا۔
یہ سب من گھڑت باتیں ہیں جو الحبیب نے پروگرام میں جان ڈالنے کے لیے اور اپنے گانے میں لطف پیدا کرنے کے لیے کہی تھیں۔