Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے  بین الاقوامی تعاون ضروری‘

سعودی وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں جی 20 اجلاس سے خطاب کیا ہے(فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ’ وبا کے منفی اثرات سے بچنے اور عالمی معیشت کے فروغ کے لیے  بین الاقوامی تعاون ضروری ہے‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق سعودی وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں انڈونیشیا کی زیر صدارت جی 20 میں شامل ممالک کے سینٹرل بینکوں کے گورنرز اور وزرائے خزانہ کے دوسرے اجلاس سے خطاب کیا ہے۔ 
محمد الجدعان نے ضرورت مند ممالک اور افراد کی مدد کے حوالے سے سعودی کوششوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ ’مملکت نے یوکرین کے  پناہ گزینوں کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد دی ہے‘۔
سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے گورنر ڈاکٹر فہد المبارک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’مختلف قومی ترجیحات اور حالات سے نمٹنے کے لیے لچکدار رویہ اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2020 کے دوران جی ٹوئنٹی کی قیادت سعودی عرب کررہا تھا۔ اس دوران ریاض سربراہ کانفرنس میں کاربن کی سرکلر اکانومی کی بات کی گئی تھی، اب اسے آگے بڑھانا ہوگا۔‘ 
جی ٹوئنٹی اجلاس میں فروری 2022 کے اجلاس کے بعد سے عالمی سطح پر رونما ہونے والی اقتصادی تبدیلیوں اور نمایاں مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یوکرین بحران کےمالیاتی و اقتصادی اثرات بھی زیر بحث آئے۔ 
علاوہ ازیں سعودی وزیرخزانہ سے امریکی وزیر خزانہ نے رابطہ کرکے سعودی عرب اور امریکہ کے اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
رابطے کے دوران کورونا وبا اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں سے رونما ہونے والے اہم اقتصادی امور پر بات چیت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ یکم دسمبر2021 سے انڈونیشیا جی ٹوئنٹی کی سربراہی کررہا ہے۔اس سے قبل جی ٹوئنٹی کی سربراہی اٹلی کے پاس تھی۔

شیئر: