Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی معیشت رواں سال دو گنا بڑھے گی: آئی ایم ایف

رواں سال سعودی عرب میں مہنگائی کی شرح کم رہنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: شٹرسٹاک
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب کی معیشت سنہ 2022 کے دوران دو گنا بڑھے گی۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا کہ رواں سال سعودی جی ڈی پی 7 اعشاریہ چھ فیصد کی شرح سے بڑھے گی جو گزشتہ برس دو اعشاریہ آٹھ فیصد تھی۔
 منگل کو شائع ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک میں آئی ایم ایف نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگلے سال 2023 میں جی ڈی پی تین اعشاریہ چھ فیصد رہے گی جبکہ اس سے قبل اس کے دو اعشاریہ آٹھ فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ’ہم نے سعودی معیشت کی بڑھوتری کے حوالے سے اپنے تخمینے کو دو اعشاریہ آٹھ فیصد اوپر کیا ہے۔ یہ اوپیک پلس کی تیل کی پیداوار بڑھانے کے معاہدے اور زیادہ تر تیل کے علاوہ دیگر شعبوں میں پیداوار بڑھنے کے نتیجے میں ہوا ہے۔‘
آئی ایم ایف نے یہ توقع بھی ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب میں مہنگائی کی شرح ڈھائی فیصد رہے جو گزشتہ برس سے کم ہے اور مہنگائی میں کمی کا یہ ٹرینڈ اگلے سال 2023 میں بھی جاری رہے گا۔
دنیا میں گزشتہ برس مہنگائی میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ترقی یافتہ معیشتوں میں پانچ اعشاریہ سات فیصد مہنگائی جبکہ ابھرتی معیشتوں میں یہ شرح آٹھ اعشاریہ سات فیصد رہی۔

شیئر: