قطیف میں خاندان کے چار افراد کو آگ لگا کر مارنے میں ملوث شہری گرفتار
قطیف میں خاندان کے چار افراد کو آگ لگا کر مارنے میں ملوث شہری گرفتار
جمعہ 22 اپریل 2022 23:27
ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نشے میں تھا( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں الشرقیہ پولیس نے کہا ہے کہ’ القطیف کمشنری میں ایک خاندان کے 4 افراد کو آگ لگا کر ہلاک کرنے والے مقامی شہری کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔
خاندان کے چار افراد کو ایک کمرے میں بند کرکے پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا الزام ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الشرقیہ پولیس نے بیان میں کہا کہ ’ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نشے میں تھا۔ اسے گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا‘۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’مکان کے ایک کمرے میں گھر کے چار افراد موجود تھے اور اس میں آگ لگی ہوئی تھی۔ ہمسایوں نے انہیں کھڑکی سے نکالنے کی کوشش کی مگر آہنی جالی کےباعث بچانے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی‘۔
محکمہ شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے واقعے کی اطلاع ملنے پر آگ بجھائی اور مرنے والوں کی نعشیں وہاں سے نکالیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ حادثاتی نہیں، اس میں مجرمانہ عمل کا دخل ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں میں ماں، باپ، نوجوان لڑکا اور لڑکی شامل ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مقامی شہری نے خاندان کے افراد کو گھر کے ایک کمرے میں جمع کرکے تمام دروازے بند کردیے اور کمرے میں آگ لگا کر فرار ہوگیا۔