Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فیکڑیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز

مارچ میں 261 فیکٹریوں نے پیداوار شروع کی ہے (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی وزارت صنعت ومعدنیات نے کہا ہے کہ ’مارچ 2022 کے دوران سعودی عرب میں 261 فیکٹریوں نے پیداوار شروع کی ہے جن پر 5.8 ارب ریال سے زیادہ کا سرمایہ لگا ہوا ہے۔ مارچ کے آخر تک سعودی فیکٹریوں کی کل تعداد 10 ہزار 489 تک پہنچ گئی۔‘
الاقتصادیہ کے مطابق صنعتی اور معدنیاتی معلومات کے قومی مرکز نے رپورٹ میں کہا ہے کہ فیکٹریوں پر قومی سرمایہ کاری کی شرح 89 فیصد ہے۔
یہ اعدادوشمار ان فیکٹریوں کے ہیں جنہوں نے مارچ 2022 کے دوران پیداوار شروع کی ہے۔ ان فیکٹریوں میں 8 فیصد سرمایہ غیرملکیوں کا ہے اور تین فیصد فیکٹریاں مشترکہ سرمائے سے قائم کی گئی ہیں۔ 
معدنیات و صنعتی معلومات کا قومی مرکز وزارت صنعت و معدنیات کے ماتحت ہے۔
 رپورٹ میں کہا گیا کہ ’فیکٹریوں میں چھوٹے ادارے 74 فیصد ہیں۔ سب سے زیادہ فیکٹریاں مشرقی ریجن میں لگائی گئی ہیں۔ ان کا تناسب 73 فیصد ہے۔ ریاض ریجن 61 فیکٹریوں سے دوسرے اور مکہ مکرمہ ریجن 47 فیکٹریوں سے تیسرے نمبر پر ہے۔‘
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’مارچ 2022 کے دوران مملکت میں 109 نئی فیکٹریوں کے لائسنس جاری کیے گئے۔ سرمایہ کاری کا حجم ڈھائی ارب ریال سے زیادہ ہوگیا۔ ان میں کام کرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 497 تک پہنچ گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ یہ تمام اعدادوشمار مارچ 2022 میں ان فیکڑیوں کے ہیں جو پیداوار دے رہی ہیں۔

شیئر: