سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا دورہ سعودی عرب کا کیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے میں اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
پیر کو پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتکار نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے پہلے غیرملکی دورے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اسی ہفتے سعودی عرب جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دورے کی مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت آنے والے سعودی عرب دورے کی تیاری کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیربرائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عوامی سطح پر اسلامی بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں۔ پاکستانی اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ان دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان تعلقات کو خاص طور پرروزگار، توانائی، فوڈ سیکورٹی اور طویل المدتی سٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے موثر سفارشات مرتب کریں۔
بیان کے مطابق وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے، جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دو طرفہ سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔
گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے میڈیا ڈائریکٹر فواز عبدالله العتمين نے بھی عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کی تصدیق کی تھی۔
وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد یہ شہباز شریف کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ فوٹو: اے پی پی
ان کا کہنا تھا کہ ’اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اگلے ہفتے سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔‘
دوسری جانب حکومتی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ان کے خاندان کے افراد ،کابینہ ارکان اور اتحادی جماعتوں کے رہنما بھی سودی عرب جائیں گے۔
وزیراعظم اپنے دورہ کے دوران عمرے کی ادائیگی اور روضہ رسول پر حاضری کے علاوہ سعودی قیادت سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا دورہ سعودی عرب کا کیا تھا۔