Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں زائرین کے لیے مفت بس سروس

پہلے مرحلے میں 400 بسیں چلائی جارہی ہیں ( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’مکہ بس سروس کے ذریعے پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک دس لاکھ سے زیادہ افراد کو سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ سفر کرنے والوں میں زائرین اور مکہ مکرمہ کے باشندے دونوں شامل ہیں‘۔ 
الاخباریہ چینل کی رپورٹ کے مطابق مکہ بس سروس کا تجرباتی مرحلہ فروری 2022 میں شروع کیا گیا۔ یہ منصوبہ سال رواں کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔ مکہ بس سروس تمام روٹس پر چوبیس گھنٹے مہیا ہوگی۔ 
مکہ بس کا تجرباتی مرحلہ 14 فروری کو مسجد الحرام کے صحنوں کے قریب شروع کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 400 بسیں چلائی جارہی ہیں۔
مکہ مکرمہ رائل کمیشن کے ترجمان ریان الحازمی نے بتایا کہ ’تجرباتی مرحلہ حرمین ایکسپریس ٹرین سٹیشن سے جبل عمر سٹیشن تک کے لیے ہے‘۔ 

 تمام علاقوں کے بارہ روٹس پر بس سروس مہیا ہوگی (فوٹو ٹوئٹر)

 آئندہ مہینوں کے دوران مکہ مکرمہ کے تمام علاقوں کے بارہ روٹس پر بس سروس مہیا ہوگی۔ اس کے 450 سٹینڈ ہوں گے۔ 280 کلو میٹر کے علاقے کو کورکیا جائے گا۔
ریان الحازمی کا کہنا ہے کہ ’مکہ بس سروس پروجیکٹ کے تحت چلائی جانے والی تمام بسیں جدید ہیں۔ معذوروں کی مدد کے لیے ہائیڈرولک سسٹم موجود ہے‘۔
یاد رہے کہ مکہ بس منصوبہ دو مرحلوں پر مشتمل ہے۔ پہلا مرحلہ 12 روٹس اور 83 سٹیشنز پر مشتمل ہوگا جس میں درمیانے حجم کی بسیں استعمال کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں استعمال ہونے والی بسیں مخصوص روٹ پر چلیں گی جن کی مسافت 172 کلو میٹر ہو گی جبکہ اس کے سٹیشنز کی تعداد 342 ہو گی۔ 
 بسوں کو ماحول دوست بنایا گیا ہے جن سے کاربن کا اخراج کم سے کم ہو گا جس سے ماحول کے متاثر ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔

شیئر: